پیر, 25 نومبر 2024


مارٹن ڈاؤ کو پاکستان میں شیئر ہولڈنگ فروخت

ایمز ٹی وی (تجارت) جرمنی کے دوا ساز ادارہ مرک کے جی اے اے نے صف اول کے ملکی ادویہ ساز ادارے مارٹن ڈاؤ کو پاکستان میں اپنی شیئر ہولڈنگ فروخت کردی، دونوں اداروں نے طویل المدت معاہدوں پر بھی اتفاق کیا ہے جس کے ذریعے انہیں مرک کے پاکستانی کاروبار میں اس کی صحت عامہ اور لائف سائنس کے پورٹ فولیو تک رسائی حاصل ہوگی اور اس کے مریضوں و صارفین کو اس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ مرک کے ہیلتھ کیئر بزنس کے چیف آپریٹنگ آفیسر سائمن اسٹیرج نے بتایاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ مارٹن ڈاؤ بہترین پارٹنر ثابت ہوگی جو پاکستان میں بزنس کی طویل مدتی ترقی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیئرز بیچنے کی وجوہ میں ادارے کی اہم حکمت عملی شامل ہے، مارکر خاندان اس بزنس کا بانی ہے اور وہ مارٹن ڈاؤ کے ساتھ بدستور شیئر ہولڈر رہے گا اور وہ مشترکہ طور پر ان اقدار اور اخلاقیات پر قائم رہیں گے جو مرک کے قابل قدر ملازمین، مریض اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے طرہ امتیاز ہے، نئے مالکان کی سربراہی میں مرک پاکستان الگ ادارے کے طور پر انہی ملازمین کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے گی، اس معاہدے کے تحت کوئی آپریشن بند نہیں کیا جائے گا۔

کسی کی ملازمت ختم نہیں ہوگی اور مارٹن ڈاؤ موجودہ بزنس کی ترقی اور اسے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم رہے گی، مارٹن ڈاؤ نے تمام مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین کو 2 سال تک ملازمت کے تحفظ کی بھی ضمانت دی ہے، اس کے علاوہ مرک کی جانب سے اپنے ملازمین کو اختتام پر ویلکم بونس بھی دیا جائے گا۔ مارٹن ڈاؤ کے چیئرمین جاوید اَکھائی نے بتایاکہ ہمارا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مرک کے شاندار ریکارڈ کو آگے بڑھایا جائے اور ملازمین کے حقوق کو اسی انداز سے تحفظ فراہم کیا جائے جس طرح سے مرک میں ملازمین کو گزشتہ برسوں کے دوران حاصل رہا، مجھے یقین ہے کہ تمام ملازمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز یہ جان کر فخر کریں گے کہ اب وہ ملک کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی فارماسوٹیکل گروپ کا جامع حصہ ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment