منگل, 26 نومبر 2024


پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے


ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے، تھائی لینڈ نے 700 اشیا کو ایف ٹی اے میں شامل کرنے کے لیے فہرست فراہم کر دی ہے جبکہ پاکستان نے 500 اشیا کی فہرست دی ہے جبکہ وفاقی وزیر تجارت نے آئندہ ماہ تک ہر صورت ایف ٹی اے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزارت تجارت کے حکام نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ پاک تھائی حکام کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کا پانچواں دور بنکاک میں شروع ہوگیا ہے جو4 روز یعنی 18نومبر تک جاری رہے گا، پاکستان کی مذاکراتی ٹیم میں وزارت تجارت، وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، انجیئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے حکام شامل ہیں۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلیے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر حتمی مذاکرات شروع ہوگئے ہیں، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی ترجیحی فہرستیں فراہم کر دی ہیں، تھائی لینڈ نے 700 اشیا کو ایف ٹی اے میں شامل کرنے کی فہرست دی ہے جبکہ پاکستان نے 500 اشیا کی فہرست دی ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق تھائی لینڈ کی منڈیوں تک آسان رسائی کے لیے آزاد تجارتی معاہدہ کیا جا رہا ہے،اس وقت تھائی لینڈ سے تجارت میں پاکستان کو 73 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہے۔

حکام کے مطابق تھائی لینڈ سے آزاد تجارتی معاہدہ کرتے وقت اپنے مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا، اسی لیے چین سمیت دیگر ممالک سے ماضی میں کیے گئے ایف ٹی ایز پر نظر ثانی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 2016-17 کیلیے تجارتی خسارے کا اندازہ 20.5 ارب ڈالر لگایا تھا مگر ابتدائی 4ماہ میں ہی یہ 9.3 ارب تک جا پہنچا ہے جو گزشتہ سال کے ابتدائی 4 ماہ سے 22 فیصد زیادہ ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment