ایمز ٹی وی (راولپنڈی) راولپنڈی کے بعض ایریاز میں فروری کے مہینے میں بجلی کے بل بہت زیادہ آنے پرصارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزارت پانی و بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ صارفین نے بتایا کہ میٹر ریڈنگ معمول کی بجائے تاخیر سے کر کے اُنکے یونٹس زیادہ دکھائے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں ان کا بلنگ ریٹ بڑھ گیا‘ جس پر اضافی ٹیکس لگا کر محکمہ نے کروڑوں روپے کا اضافی ریونیو حاصل کر لیا۔
دھمیال سب ڈویژن سمیت شہر کے بعض دیگر ایریاز کے صارفین نے بتایا کہ ماہ فروری میں انکی میٹر ریڈنگ 13فروری کو کی گئی جبکہ 15فروری کو بل ایشو کر دیئے گئے۔
اس طرح ایک مہینے کی بجائے چالیس دن کا بل بھجوا کر صارفین سے اضافی رقم اور ٹیکس وصول کئے گئے۔ چک بیلی خان سب ڈویژن کے بعض موضعات میں بغیر ریڈنگ کے بل بھجوانے کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کو کئی کئی ماہ تک بلوں کی تصحیح کیلئے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ صارفین نے وزارت پانی و بجلی‘ چیئرمین واپڈا‘ چیف ایگزیکٹو آئیسکو سے ماہ فروری کے بھاری بھرکم بلوں کی تحقیقات کرانے اور اضافی رقوم واپس کرنے کی اپیل کی ہے۔