ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) فلسطین میں مہاجر بچوں کی ایک استانی حنان الحروب نے عالمی تدریسی انعام 2016ء جیت لیا ہے۔ بہترین استاد کا اعزاز وصول کرنے والی حنان الحروب کو ان کے خطے میں درس و تدریس کی کاوشوں کے اعتراف میں 10 لاکھ ڈالر کے انعام سے نوازا گیا ہے۔ محترمہ الحروب بیروت میں سمیحۃ خلیل ہائی اسکول کی ایک استانی ہیں۔ وہ ایک پناہ گزین کیمپ میں پلی بڑھی ہیں اور اب خود بھی مہاجر بچوں کی استانی ہیں۔ انھوں نے تشدد سے مجروح ہونے والے بچوں کی حمایت کرنے میں مہارت حاصل کی ہے۔
فاتح کا اعلان عالمی تعلیم اور ہنر فورم کی ایک تقریب میں دبئی میں کیا گیا۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے وار کی فاؤنڈیشن کے دوسرے 'عالمی استاد انعام' 2016ء کے فاتح کے نام کا اعلان کیا۔ پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں حنان الحروب کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ''اساتذہ امن اور اتحاد کے معمار ہیں''۔
برطانوی شہزادہ ولیم کی طرف سے بھیجے گئے ایک مبارکباد کے پیغام میں انھوں نے اساتذہ کی غیر معمولی ذمہ داریوں کے بارے میں بات کی اور کہا کہ ''وہ اپنے اثرورسوخ اور حوصلہ افزائی سے نوجوانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ان کی صورت گری کر سکتے ہیں۔''
محترمہ الحروب نے اپنا انعام وصول کرنے کے بعد سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''مجھے فخر ہے کہ میں ایک فلسطینی خاتون استاد ہوں جو آج اس اسٹیج پر کھڑی ہے''۔انھوں نے کہا کہ ''میں نے اس انعام کو تمام اساتذہ اور بالخصوص فلسطینی اساتذہ کی ایک جیت کے طور پر تسلیم کیا ہے''۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس خطیر انعامی رقم کو اپنے شاگردوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گی۔ حنان الحروب بیروت میں بیت الحم کے پناہ گزین کیمپ میں پرورش پانے کے بعد مہاجر بچوں کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ وہ کھیلوں کے ذریعے پناہ گزین بچوں میں تشدد اور خوف کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
تقریب کے سامعین میں ہالی وڈ سے اداکارہ سلمیٰ ہائیک اور اداکار میتھیو میکوناہے اور بالی ووڈ سے اداکار اکشے کمار، ابھیشیک بچن اور پرینیتی چوپڑا نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ سیاسی رہنماؤں میں سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلئیر اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
عالمی استاد 2016ء کے دس فائنلسٹ کے ناموں میں پاکستان میں پناہ گزین بچوں کے ایک اسکول کی استانی عقیلہ آصفی کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر گلوبل ٹیچر پرائز کے دس فائنلسٹ کو برطانوی سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اسٹیج پر آنے کی دعوت دی، جنھیں امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے ایک ویڈیو پیغام میں مبارکباد پیش کی۔ گلوبل ٹیچر پرائز ایک ملین ڈالر کا انعام ہے، جو ہر سال اس قابل استاد کو دیا جاتا ہے جنھوں نے اپنی کاوشوں کے ساتھ تدریس کے شعبے میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔
گلوبل ٹیچر پرائز دبئی کی ایک غیر سرکاری تنظیم وار کی فاؤنڈیشن کی جانب سے بہترین استاد کو دیا جاتا ہے، جس کے سرپرست متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم ہیں۔ گلوبل ٹیچر کا پہلا انعام ایک امریکی استانی نینسی ایڈویل نے حاصل کیا تھا۔