کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارش پر گریس مارکس دینے سے کامیاب طلبا کی شرح 34 سے بڑھ کر 42 فیصد ہوگئی۔
انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج میں کامیابی کی شرح انتہائی کم تھی جس کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارش پر سائنس فیکلٹی کی طرز پر کامرس ریگولر گروپ میں بھی چار متعلقہ مضامین میں طلبا کو گریس مارکس دیے گئے ہیں، بورڈ کے اس اقدام سے کامرس ریگولر کا نتیجہ 34 فیصد سے بڑھ کر 42 فیصد ہوگیا ہے۔
بورڈ اعلامیے کے مطابق کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 35ہزار 432امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 34ہزار 198 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔
بورڈ اعلامیے کے مطابق چیئرمین انٹربورڈ کی ہدایت پر بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے کامرس ریگولر گروپ کے چار پرچوں پرنسپل آف اکاؤنٹنگ، پرنسپل آف کامرس، پرنسپل آف اکنامکس اور بزنس میتھمیٹکس میں طالب علموں کو 15فیصد تک گریس مارکس دیے گئے ہیں۔
یاد رہے نگراں وزیراعلیٰ سندھ / کنٹرولنگ اتھارٹی سندھ ایجوکیشنل بورڈزنے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل کے نتائج پر طلبا کی شکایات پر ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی تھی جس نے سائنس گروپ کے چار مضامین میں طلبا کو 15فیصد تک گریس مارکس دینے کی سفارش کی تھی۔
سائنس گروپ کے بعد کامرس ریگولر کے بھی چار مضامین میں 15 فیصد تک گریس مارکس دینے سے دونوں گروپس کے طلبا کو یکساں فائدہ مل گیا ہے۔ علاوہ ازیں سائنس گروپ کے طلبا کی ترمیم شدہ مارکس شیٹس بھی اگلے ہفتے کالجوں کو بھیج دی جائیں گی۔