ایمز ٹی وی (میرپورخاص) تعلیمی بورڈ کے غریب ملازمین کی بلاجواز برطرفی معاشی قتل ہے ،برطرفی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے ۔ یہ بات ایم کیو ایم (پاکستان ) رابطہ کمیٹی و حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر احمد کمالی نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے اردو بولنے والے 52ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ مہاجروں کے معاشی استحصال کے تسلسل کی ایک کڑی ہے جس پر کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعصب پر مبنی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے محکمہ تعلیم،محکمہ آبپاشی، ریوینیواور محکمہ پولیس سمیت کئی محکموں میں خلاف ضابطہ بیشمار بھرتیاں کی گئیں اوران میں سے کسی کو برطرف نہیں کیا گیا۔نااہل اور کرپٹ افسران تعینات کرکے ادارے تباہ کردیئے گئے۔ لیکن کوئی باز پرس نہیں کی گئی اور محض اردو بولنے والوں سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ ، چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سندھ میں اردو بولنے والوں کے معاشی استحصال کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے انہیں ملازمتوں اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں جائز حق دلایا جائے اور تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے غریب ملازمین کی برطرفی کے احکامات منسوخ کئے جائیں۔