ایمز ٹی وی(تعلیم / فیصل آباد)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے رولز آف بزنس کی منظوری نہ ہونے سے ریٹائر ڈ اساتذہ دو ماہ سے پنشن سے محروم ہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے یکم جنوری سے ای ڈی ایجوکیشن کا سیٹ اپ ختم کرکے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز قائم کردی تھیں جس کے ساتھ ہی تمام اکاؤنٹس منجمد کردیئے تھے۔
جس کے باعث محکمہ تعلیم فیصل آباد کے ایک ہزار کے قریب ریٹائرڈ اساتذہ کو گزشتہ دو ماہ سے پنشن نہیں مل سکی ۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پنشن اکاؤنٹ میں 9 کروڑ کے فنڈز دستیاب ہیں لیکن اختیارات نہ ملنے کے باعث اس فنڈز سے اساتذہ کو پنشن ادا نہیں کی جاسکتی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹ رانا تنویر کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ریٹائر ڈاساتذہ کوماہانہ ایک کروڑ روپے پنشن ادا کی جاتی ہے لیکن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے رولز آف بزنس کی منظوری ہونے تک ہمارے پاس فنڈز جاری کرنے کے اختیارات نہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا نیا اکاؤنٹ کھلنے کے بعد ہی اساتذہ کو پنشن ملے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ منظوری دے دیں تو ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پنشن اکاؤنٹ سے بھی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔