ایمز ٹی وی(تعلیم) جامعہ سندھ جامشورو میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ”اہلیت و ضرورت“ اسکیم کے تحت 42 اور ڈسٹرکٹ میرٹ اسکالر شپ کے تحت 33 طلباء کو اہلیت و ضرورت کی بنیاد پر 26 لاکھ روپے کے اسکالر شپ کے چیک دیئے گئے۔ وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقدہ تقریب میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مجموعی طور پر 75 طلباء میں چیک تقسیم کیے۔
طلباء کے مالی معاونت کے شعبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ”اہلیت و ضرورت“ اسکیم کے تحت 42طلباء کو فی کس 48ہزار وپے کے چیک دیئے گئے،. جبکہ ڈسٹرکٹ میرٹ اسکالر شپ کے تحت 33 طلباء کو فی کس 18ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے طلباء کو مدد ، تعاون و سرپرستی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ کو تعلیم و تحقیق کا اعلیٰ مرکز بنایا جائے گا۔ جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ طلباء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کے طلباء کو لیپ ٹاپ اور فیس واپسی کے چیک دیئے گئے ہیں، باقی ماندہ طلباء کو بھی لیپ ٹاپ و اسکالر شپ دلوانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہا ماضی میں جامعہ سندھ کو انتہائی کم اسکالر شپس مل رہی تھیں، جس پر جامعہ سندھ کی انتظامیہ نے ایچ ای سی حکام پر زور دیا ہے کہ جامعہ سندھ کے غریب طلباء کی بھی مدد کی جائے۔