ایمزٹی وی(تعلیم)کراچی گرامر اسکول (کے جی ایس) نے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز 2017ءمیں سب سے بہترین چھوٹے وفد کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ان مقابلوں کا انعقاد 16 مارچ سے 19 مارچ 2017ءتک چین کے شہر بیجنگ میں ہوا۔
پاکستانی وفد 14 طالب علموں پر مشتمل تھا جس کی نمائندگی صابریہ چتور کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں عامر جوما، حسین بخشی، طحہٰ احمد، سبرینہ سادات، مریم مجید، وجدان طاہر، علیزہ ایاز، فیصل ندیم، معاذ آغا، آرش علی شاہ، مزمل گوڈیل اور مریم سجاد شامل تھیں۔ وفد کے ساتھ فیکلٹی ایڈوائزر عائشہ شیخ بھی موجود تھیں جنہوں نے ٹیم کو مسلسل سپورٹ کرتے ہوئے ان کا جوش و جذبہ ابھارے رکھا۔
پاکستانی وفد کی فیکلٹی ایڈوائزر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ فتح بچوں کی مقابلے کیلئے بچوں کی سخت لگن کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی تھی۔ ہم ناصرف اپنے اسکول بلکہ پاکستان کیلئے یہ اعزاز جیتنے پر بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ جب ہم نے غیر ملکی سرزمین پر پاکستانی پرچم لہرایا تو وہ احساس بہت ہی بہترین تھا۔“
ان مقابلوں میں بھارت، سنگاپور، برازیل اور امریکہ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک کے ہائی اسکولوں سے 2000 سے زائد طلباءنے شرکت کی۔ کراچی گرائمر اسکول کے کی ٹیم نے 8 مختلف کمیٹیوں میں مقابلے کئے اور 14 میں سے 13 اراکین نے ایوارڈز جیتے۔ کراچی گرائمر سکول نے 3 بہترین وفد، 7 شاندار وفد اور 3 اعزازی نامزدگیوں کے ایوارڈز اپنے نام کر کے بہترین چھوٹے وفد کا ایوارڈ حاصل کیا۔
کراچی گرائمر اسکول کے پاس یہ اعزاز بھی ہے کہ اس نے ان مقابلوں میں 4 مرتبہ شرکت کی اور تمام مرتبہ ہی فتح حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کیا