ایمزٹی وی (تعلیم/لاڑکانہ)کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالبعلم احمد کو تیسرے کامیاب آپریشن کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق امریکا میں زیرعلاج تشدد کا شکاربننے والے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے طالب علم کا تیسرا آپریشن ہوا ہے جسے ڈاکٹروں نے کامیاب قرار دیا ہے۔ آپریشن کے بعد احمد کواسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے جس کے بعد وہ اپنی عارضی قیام گاہ آگیا ہے۔
اس حوالے احمد کے والد کا کہنا تھا کہ احمد کی اسپیچ تھراپی، ایکو تھراپی اور فزیو تھراپی اسپتال میں جاری ہے، احمد بہتری کی جانب گامزن ہے اور یہ سب قوم کی دعاوں کا نتیجہ ہے، اسے اٹھنے بیٹھنے میں مشکلات ہورہی ہیں، احمد کو مزید دو سے تین بار معائنے کے لیئے اسپتال جانا ہوگا، اس کے لیے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جو احمد کے امریکا میں مزید علاج کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کو استاد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث طالب علم مکمل ذہنی صلاحیت سے محروم ہوگیا تھا۔