ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی نے کہا ہے کہ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں مزید تعاون بڑھانے کی کوششوں سے پاکستان اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، دونوں ملکوں کے سائنسدان مشترکہ جدوجہد کریں گے، فرانس کی جانب سے پی سی ایم ڈی جامعہ کراچی کے اسکالرز کے لیے 10اسکالرشپ کا اجراء کیا جائے گا۔
یہ بات انھوں نے جمعہ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کہی، اجلاس میں بین الاقوامی مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ، سابق وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، فرانسیسی وزارتِ خارجہ کی ایشیائی امور کی ڈپٹی ڈائریکٹر سونیا باربری، فرانس کے کراچی میں کونسل جنرل دیدیئر تال پین، کونسل برائے ثقافتی تعاون اندرے دی بزی، ایلیانسے فرانسے کی ڈائریکٹرگائلس پاسکل سمیت بین الاقوامی مرکز کے
دیگرآفیشل بھی موجود تھے۔فرانسیسی سفیر نے کہا کہ پاک فرانس مشترکہ کوششوں سے پاکستان میں سائنس اورٹیکنالوجی کو مزید فروغ ملے گا جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان علمی روابط کو مزید استحکام ملے گا۔ فرانسیسی سفیر نے فرینچ وفد کے ساتھ بین الاقوامی مرکز کا دورہ بھی کیا۔