اسلام آباد: مالی مسائل سے دوچار ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق کیلیے ارجنٹ سروس متعارف کروا دی۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کل سے ڈگریاں تصدیق کرنے کے حوالے سے ارجنٹ فیس 5 ہزار روپے فی ڈگری مقرر کر دی ہے جبکہ اس سلسلے میں مرکزی دفتر کے ساتھ ساتھ علاقائی دفاتر میں ایک دن کیلیے مخصوص سلاٹ بھی مقررکر دی گئی ہے، جس کے تحت ہیڈکوارٹر میں 45، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس لاہور میں 20، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس کراچی میں 15جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریجنل آفس پشاور اور کوئٹہ میں 10,10 سلاٹ مقرر کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ارجنٹ فیس 5 ہزار روپے روٹین کی فیس سے الگ ہوگی جو 800 روپے فی ڈگری وصول کی جاتی ہے اور 100مجموعی سلاٹس پر 5 لاکھ روزانہ کا ٹارگٹ طے کیا گیا ہے جبکہ سالانہ 15 کروڑ سے زائد آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق ایک ایسا عمل ہے جو ہر امیدوار جلدی کروانا چاہتاہے، ایچ ای سی پہلے ہی فیسوں میں اضافہ کرتے ہوئے اصل ڈگری کی تصدیق کے 800 روپے فی ڈگری جبکہ فوٹو کاپی کی تصدیق کیلیے 500روپے فی ڈگری تصدیقی فیس وصول کر رہی ہے۔
اس سے قبل اگر کوئی امیدوار بیرون ملک روانگی، ویزا کی معیاد، ٹکٹ کی تاریخ، انٹرویو کی تاریخ، کسی ادارے کی جانب سے تصدیق شدہ ڈگریاں طلب کرنے کا لیٹر یا تاریخ وغیرہ کا ثبوت پیش کرتا تھا تو اس امیدوار کی ڈگریاں ترجیح بنیاد پر بغیر کسی اضافی فیس کے تصدیق کردی جاتی تھیں جس سے شہریوں کو سہولت مل جاتی تھی تاہم اب یہ عمل 5 ہزار روپے میں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل اٹیسٹیشن اینڈ ایکولینس طاہر زیدی کا کہنا ہے کہ سفارش کو ختم کرنے کیلیے یہ عمل شروع کیا ہے۔