منگل, 07 مئی 2024


جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے ٹائمز امپیکٹ رینکنگ میں جگہ بنا لی

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ٹائمز امپیکٹ رینکنگ میں جگہ بنانے والی پاکستان کی 23ویں اور کراچی کی پانچویں یونیورسٹی بن گئی۔

ٹائمز ہائیر ایجوکیشن سپلیمنٹ نے سال 2020 کی رینکنگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ یونیورسٹیوں کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے منسلک سرگرمیوں پر جانچا گیا۔

اس سلسلے میں  معاشرتی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبوں پر کام کرنے والی جامعات کی سرگرمیوں کے نتائج کی تاثیر کی درجہ بندی کی گئی اور جامعات کے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر انہیں سکور دیا گیا۔

کراچی سے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اس سال امپیکٹ رینکنگ میں شامل ہوئی ہے جبکہ دیگر جامعات میں ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، اقراء یونیورسٹی، اور داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر سے 18اور جامعات اس سال امپیکٹ رینکنگ کا حصہ ہیں۔

 جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع نے کہا کہ ٹائمز امپیکٹ رینکنگ میں شامل ہونا یو نیورسٹی کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے جس سے فیکلٹی اور اسٹاف کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یونیورسٹی کی کارکردگی صحیح رخ پر ہے اور اپنی ترقی کو دستاویزی شکل میں محفوظ کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے سالوں میں یونیورسٹی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گی۔

انہوں نے کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر واحد عثمانی, ثریا خاتون اور ان کی ٹیم کویہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی، ان کی محنت اور لگن کو سراہا اور اس کام میں تعاون کرنے پر دیگر ڈیپارٹمنٹس کی تعریف کی اور عزم ظاہر کیا کہ اگلے سال اس سے بہتر سکور حاصل کر یں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment