پیر, 25 نومبر 2024


بزنس اسکول جامعہ کراچی کے زیراہتمام پہلی دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کاآغاز

کراچی: بزنس اسکول جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذا کی سماعت گاہ میں پہلی دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ”کا رپوریٹ کا استحکام“ منعقد کی گئی۔

کانفرنس کے پہلے روزمشیر وزیر اعلیٰ سندھ وترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروناوائر س نے پوری دنیا بھر میں ہر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے۔جامعات اور بالخصوص سرکاری جامعات میں کووڈ 19 جیسی صورتحال کے باجود جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سیمینارز،ویبینارز اور کانفرنسز کے انعقاد سے اساتذہ اور طلبہ کو ایک دوسرے کو سننے،تجربات کے تبادلے اور سیکھنے کے مواقع میسر آئے جو لائق تحسین ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میرے والدین جامعہ کراچی کے المنائی ہیں اور میں اپنے والدین کی جانب سے جامعہ کراچی کے دوطلبہ کے لئے اسکالرشپ کا اعلان کرتاہوں جس کے تحت میرے والد کی جانب سے ایک اسکالرشپ ہر سال کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے طالبعلم جبکہ ایک اسکالرشپ شعبہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی کی طالبہ کو دیا جائے گا اور یہ اسکالرشپ میں بذات خود دونگا۔

۔انہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح کی کانفرنسز کے انعقاد کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ بروقت فیصلے اور بہتر منصوبہ سازی ہی استحکام کے ضامن ہیں،کسی بھی ملک کی معیشت کا زیادہ تر انحصاراس کی برآمدات پر ہوتا ہے اور اس کے لئے صنعتوں کا مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔
۔کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر امسال جامعہ کراچی میں اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ سے 650 طلباوطالبات کو اسکالرشب فراہم کئے گئے۔مذکورہ اسکالر شپ ایسے طلبہ کو دیئے گئے جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ اور سیمسٹر فیس دینے سے قاصر تھے۔

کانفرنس سے دیگر مقررین جس میں ملائیشیاء سے ڈاکٹر عبدالحلیم عبدالماجد، ڈاکٹر عاطفہ نجوانی،لندن سے رچرڈ گرفتھ،رومانیہ سے بستیانا،فلپائن سے ڈاکٹر پرفیکٹو جی ایکوینو جے آراور نیپال سے ہری سی کمالی شامل ہیں نے بھی خطاب کیا۔

رئیسہ کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے چیئر مین اور فیکلٹی ممبران کراچی یونیورسٹی بزنس
اسکول کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مذکورہ کانفرنس میں قومی اوربین الاقوامی اسکالرز کے تجربات سے ہمارے اساتذہ اور طلبہ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،ممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی،رکن صوبائی اسمبلی وممبر سنڈیکیٹ جامعہ کراچی سعدیہ جاوید،رئیسہ کلیہ نظمیات وانتظامی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ اور چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹر محمد عاصم بھی موجودتھے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment