Friday, 29 November 2024


ایک انقلابی باغبان روبوٹ تیار

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی ماہرین نے ایک انقلابی باغبان روبوٹ تیار کیا ہے جو ازخود زمین نرم کرنے کے ساتھ بیج بوتا ہے اور کھیت کو پانی دینے کے علاوہ 24 گھنٹے اس کی نگرانی کرتا ہے۔ کیلیفورنیا کی کمپنی نے اسے ’فارم بوٹ‘ کا نام دیا ہے۔ اس روبوٹ کا سافٹ ویئر اور ہارڈویئر اوپن سورس ہے جس کا مطلب یہ ہےکہ اسے لوگوں کی مدد سے مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ کمپنی چاہتی ہے کہ گھروں کے لان پر پھل اور سبزیاں اگا کر انہیں خوراک میں خودکفیل بنایا جائے۔

فارم بوٹ کی سب سے بہترین خاصیت درستگی ہے یعنی یہ کم جگہ پر سائنسی انداز میں زیادہ سے زیادہ پودے لگاتا ہے اور پانی کی صرف ضروری مقدار ہی فراہم کرتا ہے۔ باغبانی اور زراعت ایک مہنگی شے ہے جس میں ٹریکٹر اور دوسرے آلات درکار ہوتے ہیں جبکہ فارم بوٹ از خود زمین کو تیار کرتا ہے اور اس میں بوائی کرتا ہے۔

روبوٹ کو اپنی ضرورت کے تحت کھول کر جوڑا اور توڑا جاسکتا ہے۔ روبوٹ آرڈینو 2560 اور رسبیری پائی ٹوماڈل بی کو استعمال کرتا ہے۔ پورا روبوٹ آپ کے بنائے ہوئے راستے پر چلتا ہے اور اس کا پورا انفراسٹرکچر آپ خود بھی تیارکرسکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ایپ کے ذریعے اسے مکمل طور پر کنٹرول کرکے آپ عمل کو خود مکمل خودکار بناسکتےہیں۔ ایپ پر آپ کو گھرکی زمین نظر آتی ہے جس پر مختلف قطاروں میں مختلف سبزیوں کے پودے لگائےجاسکتے ہیں۔ فارم بوٹ پودوں کو پانی فراہم کرتا ہے اور پودوں کو بڑھانے والی ادویہ بھی ضرورت کےتحت شامل کرتا رہتا ہے۔ اسےسہولت کے تحت ہر قسم کے چھوٹے باغات کے لیے تیار کیا جاسکتا ہے اور ایک وقت میں مختلف اقسام کے پودے بھی اگائے جاسکتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment