Friday, 29 November 2024


بل گیٹس کافی عرصے سے دنیا کے امیر ترین شخص

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)بل گیٹس کافی عرصے سے دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جنھوں نے اپنی کمپنی مائیکروسافٹ کے ذریعے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے لیے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم تیار کرکے ایک انقلاب برپا کردیا تھا۔ بل گیٹس کی قیادت میں مائیکروسافٹ ایسی کمپنی کے طور پر جانی جاتی تھی جو ہر قیمت پر کامیابی چاہتی تھی۔ یعنی ایپس سے لے کر ویب براﺅزر تک، وہ اپنے ہر مخالف کمپنی کو خرید لیتی تھی اگر ایسا نہ ہوتا تو کسی نئی مسابقتی پراڈکٹ کے ذریعے اسے کچل کر صارفین کو اپنی جانب کھینچ لیتی تھی۔ مگر آج کے عہد میں کون ہے جو بل گیٹس کی جگہ لینے کے لیے تیار ہے تو یہ کوئی غیر معروف نام نہیں بلکہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ہیں اپنے ہر حریف کو کسی بھی طرح شکست دینے کی حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں۔ اس کی مثال فیس بک کی جانب سے گزشتہ روز متعارف کرایا گیا انسٹاگرام اسٹوریز کا فیچر ہے جو اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز فیچر کی ہو بہو نقل ہے۔ اس اقدام سے مارک زکربرگ بھی بل گیٹس کی کیٹیگر میں آگئے ہیں اور بطور قائد ان کی سوچ بھی بالکل ایسی ہے کہ اگر کسی کو شکست یا اپنے ساتھ نہ ملا سکو تو اسے کچل دو۔ مارک زکربرگ نے 2013 میں 3 ارب ڈالرز کے عوض اسنیپ چیٹ کو خریدنے کی کوشش کی تھی جس میں ناکامی کے ایک ماہ بعد فیس بک کی جانب سے اسنیپ چیٹ جیسی ایپ پوک کو متعارف کرایا گیا۔ یہ ایپ ناکام ہوکر اپنی موت آپ مرگئی جبکہ اس کی جانشین سلینگ شاٹ کا بھی یہی انجام ہوا مگر اس کے ذریعے فیس بک نے اسنیپ چیٹ کو واضح پیغام دیا ' ایسا کچھ نہیں جو تم تیار کرو ہم اس سے زیادہ تیز تیار نہ کرسکیں دوسری جانب اسنیپ چیٹ آہستگی سے اپنے صارفین اور آمدنی بڑھا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مارک زکربرگ نے اس خطرے کو سنجیدگی سے لینا شروع کردیا ہے۔ بل گیٹس اپنے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز اور آفس کی مدد سے نئی پراڈکٹ کو چلنے نہیں دیتے تھے جبکہ فیس بک کو دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ہونے کا فائدہ حاصل ہے جو انسٹاگرام کو بھی آگے بڑھنے میں مدد دے رہا ہے۔ فیس بک نے انسٹاگرام میں اسٹوریز کا فیچر دے کر اپنے مخالف کا اہم فیچر چرالیا ہے اور اسے بہت بڑی تعداد میں اپنے صارفین تک پہنچا دیا ہے۔ نوے کی دہائی میں مائیکروسافٹ اور اب فیس بک کے لیے ٹیکنالوجیز اور ایپس مختلف ہیں مگر طریقہ کار ایک ہی ہے۔ بل گیٹس کی طرح ہی مارک زکربرگ نے اپنے اثاثوں کا بڑا حصہ فلاحی مقاصد کے لیے صرف کرنے کا اعلان کیا ہے (فیس بک کے بانی اس وقت دنیا کے پانچویں امیر ترین شخص ہیں اور توقع کی جاسکتی ہے کہ ایک دن وہ بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیں گے)۔ آج مائیکروسافٹ مسابقتی میدان میں کافی حد تک دوستانہ حکمت عملی اختیار کیے ہوےءہے مگر فیس بک نے اس کی ماضی کی پالیسیوں کو اپنا لیا ہے۔

Share this article

Leave a comment