Friday, 29 November 2024


شان نے نیا کام شروع کردیا

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اداکار ، ماڈل اور ہدایتکار شان شاہد نے اپنے والد ریاض شاہد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی فلموں کی کہانیاں لکھنے کا فیصلہ کرلیا ۔ جس کی ابتدا انہوں نے فلم ارتھ 2 کے سکرپٹ سے کردی ہے ،اس فلم سے بطور ہدایتکار شان کی فلم انڈسٹری میں واپسی 7 برس بعد ہوگی۔

2009 میں آخری بار انہوں نے فلم ’’ظل شاہ ‘‘کی ڈائریکشن دی تھی دوسری ذاتی فلم ’’ضرار ‘‘ کا سکرپٹ بھی ان کے زور قلم کا نتیجہ ہے مختلف فلمسازوں نے شان سے بطور رائٹر اپنی فلموں کے سکرپٹ کیلئے رابطے کئے ہیں ، فی الحال وہ اپنی زیر تکمیل فلموں کو مکمل کرانے اور ذاتی فلموں کی کہانیاں لکھنے کے خواہشمند ہیں ان فلموں کی عکسبندی کیلئے وہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے لندن جارہے ہیں جس میں ان کے ہمراہ فلم ’’ ارتھ 2 ‘‘ کے فنکار محب مرزا، عظمیٰ حسن،حمائمہ ملک اور فلم ’’ ضرار ‘‘کے فنکار کرن خان، عدنان بٹ و دیگر ٹیم شامل ہے ۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ سنٹرل لندن میں وہ فلم ارتھ 2 کا آخری سپیل شوٹ کرینگے جو 10 روز تک جاری رہے گا جس کے بعد مذکورہ فلم کا کیمرہ کلوز ہوجائیگا ایک ہفتے تک وہ پاکستانی کمیونٹی ، سینما ، فلم ٹریڈ کی جانب سے ہونے والے ایونٹس میں شرکت کریں گے اورملاقاتیں کرکے ملکی فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی مشترکہ طور پرترتیب دینے کا ارادہ رکھتے ہیں،اس کے بعد آخر میں وہ فلم ’’ضرار ‘‘ کا خصوصی سپیل شوٹ کریں گے ۔جس میں کرن خان، شان اور عدنان بٹ کا کام فلمایا جائے گا۔فلم ارتھ 2 کی ریلیز کا شیڈول بھی فلم کے پروڈیوسرز شان ، علی مرتضیٰ اور حماد چودھری لندن میں ہی مشترکہ طور پر ترتیب دیں گے ۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ مذکورہ فلم کی نمائش کے موقع پر بھارتی ہدایتکار مہیش بھٹ نے بھی پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ان کے علاوہ دیگر بھارتی فنکاروں کی بھی آمد متوقع ہے ۔واضح رہے فلم ارتھ ،بھارت میں ہدایتکار مہیش بھٹ نے 90 کی دہائی میں بنائی تھی جس کا پاکستانی ورژن ہدایتکار شان بنارہے ہیں جس کے حقوق پہلی بار کسی پاکستانی فلمساز نے بھارتی فلمساز سے خریدے ہیں۔

Share this article

Leave a comment