Thursday, 28 November 2024


فرانسیسی سیاحتی صنعت متاثرہو گئی

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) گزشتہ مہینوں کے دوران پیرس اور برسلز میں متعدد دہشت گردانہ حملوں کے باعث رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران فرانسیسی سیاحتی صنعت متاثر ہوئی جبکہ ڈزنی لینڈ پیرس کی آمدنی بھی کم ہو گئی۔ یورو ڈزنی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس سال کی دوسری سہ ماہی میں یورو ڈزنی کی مجموعی آمدنی نو فیصد سے زائد کی کمی کے بعد 327 ملین یورو یا 363 ملین امریکی ڈالر کے برابر رہ گئی۔ بیان کے مطابق اس سال اپریل سے لے کر جون کے آخر تک دہشت گردانہ حملوں کے علاوہ جن مختلف عوامل نے فرانس کی سیاحتی صنعت اور ڈزنی لینڈ کی آمدنی کو متاثر کیا، ان میں فرانسیسی ملازمین کی ہڑتال اور خراب موسم بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورو ڈزنی نے اپنے بیان میں کہا ہے، فرانس میں سیاحت کی صنعت اور ڈزنی لینڈ کے کاروبار کو بیرونی عوامل نے بھی متاثر کیا،گزشتہ برس نومبر میں پیرس میں دہشت گردوں کی طرف سے کیے جانے والے خود کش بم حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں 130 افراد مارے گئے تھے جبکہ رواں سال مارچ میں برسلز میں دہشت گردانہ حملے میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ان حملوں سے کاروباری پر منفی اثرات بھی بہت واضح تھے۔ گزشتہ ماہ فرانس کے قومی دن کے موقع پر نِیس شہر میں ہونے والے حملے نے بھی فرانس کی سیاحتی صنعت کو شدید متاثر کیا، حملے میں الجزائر سے تعلق رکھنے والے ایک حملہ آور نے ٹرک عوام کے اوپر چڑھا دیا تھا، جس کے نتیجے میں 85 افراد مارے گئے تھے۔ رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں مشہور تفریحی پارک کی سیر کے لیے جانے والے مہمانوں اور سیاحوں کی تعداد میں 11 فیصد تک کمی دیکھی گئی جبکہ جن مہمانوں نے ڈزنی لینڈ کا رخ کیا، انہوں نے بھی ماضی کی نسبت فی کس بنیادوں پر اوسطاﹰ کم رقوم خرچ کیں۔ ڈزنی لینڈ پیرس کی انتظامیہ نے سکیورٹی انتظامات مزید بہتر کرلیے ہیں،اگلے سال ڈزنی لینڈ پیرس کے قیام کو 25 سال مکمل ہو جائیں گے۔

Share this article

Leave a comment