Friday, 29 November 2024


تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کہ اقدامات پر غور

ایمزٹی وی(بزنس) تیل پیدا اور برآمد کرنے والے ممالک کی نمائندہ تنظیم اوپیک نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے پر غور کرنے کیلئے غیر رسمی اجلاس طلب کرلیا۔ اوپیک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ الجزائر میں 26 سے 28 ستمبر تک ہونے والے عالمی توانائی فورم کے دوران اوپیک کا اجلاس ہوگا جس میں قیمتوں میں استحکام لانے کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوپیک کا کہنا ہے کہ وہ مارکیٹ کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے تمام رکن ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اوپیک کے صدر محمد بن صالح الصدا کا کہنا ہے کہ سال کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں تیل کی طلب میں اضافہ ہوگا۔

اوپیک مارکیٹ میں طلب و رسد کے فرق کو عارضی قرار دیتا ہے اور اس کا خیال ہے کہ قیمتوں میں کمی کہ وجہ تیل کے ذخائر میں اضافہ ہے جبکہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے نے بھی مارکیٹ پر منفی اثر ڈالا۔

علاوہ ازیں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا، ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 46 سینٹ کمی کے بعد 42.56 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ برینٹ کروڈ کی قیمت 53 سینٹ کمی کے بعد 44.86 ڈالر فی بیرل رہی۔

Share this article

Leave a comment