Friday, 29 November 2024


روئی کی قیمت میں 300 روپے من کی کمی

ایمزٹی وی(بزنس) بھارت چین اور امریکا کی کپاس منڈیاں مندی کی لپیٹ میں آگئیں جس کے سبب پاکستان میں بھی روئی کے بھاؤ میں 300 روپے من کی کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان میں بارشوں کے بعد پھٹی کی پیداوار تسلی بخش ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤمیں مندی کارجحان رہا،

صوبہ سندھ اورپنجاب کے کپاس پیداکرنے والے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے باعث پھٹی کی کوالٹی متاثر ہونے اورپھٹی کی آمد محدود ہونے کی وجہ سے ٹیکسٹائل ملزکی روئی کی خریداری میں عدم دلچسپی کے باعث روئی کے بھاؤ میں مجموعی طورپرکمی دیکھنے میں آئی جبکہ کاروباری سرگرمی بھی محدود ہوگئی۔ روئی کابھاؤ صوبہ سندھ میںفی من 6500 تا6800 اورصوبہ پنجاب میں فی من 6900 تا 7000 روپے رہا جبکہ پھٹی کا بھاؤ کوالٹی کے مطابق فی 40 کلو 2900 تا 3200 روپے رہا۔

اسی طرح ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤمیں فی من 200 تا 300 روپے کی کمی جبکہ پھٹی کے بھاؤ میں 200 تا 300 روپے کی مندی رہی۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے اسپاٹ ریٹ فی من 200 کم ہوکر6600روپے کے بھاؤ پربند ہوئے۔ کراچی کاٹن بروکرزفورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق بارشیں رکنے کے بعد پھٹی کی آمد میں اضافہ متوقع ہے جس سے کاروباری سرگرمیوںمیں بھی اضافہ ہوسکے گا۔ نسیم عثمان کے مطابق ملز میںکپاس کی طلب بڑھنے سے بھاؤ مستحکم رہنے کی توقع ہے، اس وجہ سے خریداری بھی رہے گی، بارشوں سے فی الحال نقصان کی اطلاعات نہیں بلکہ فصل بہتر ہونے کی رپورٹ موصول ہورہی ہیں۔

Share this article

Leave a comment