Friday, 29 November 2024


پہلی مرتبہ انڈیکس 40000 پوائنٹس کی بلند سطح پر

ایمزٹی وی(بزنس)گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیکس 40000 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھونے کے بعد 39908پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔

اس طرح بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ کو ٹوٹ گئے جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں87ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا حجم 78 کھرب سے بڑھ کر 79 کھرب روپے کی سطح پر جا پہنچا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی منافع بخش شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری اور کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج کے سبب مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب دکھائی دے رہا ہے، اسی وجہ سے مارکیٹ نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پانچوں کاروباری دنوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اورٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40082پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا تھا تاہم کاروباری اتارچڑھاؤ کے سبب ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 39300 پوائنٹس کی کم سطح پر بھی دیکھا گیا۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے انڈیکس 39800،39700،39600، 39500، 39400 اور 39900 پوائنٹس کی 6 بالائی حدیں عبورکرنے میں کامیاب ہوا۔

اس طرح کے ایس ای 100 انڈیکس میں 517.43 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 39390.21 پوائنٹس سے بڑھ کر 39907.64 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 323.71 پوائنٹس کے اضافے سے 22886.88 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26265.71 پوائنٹس سے بڑھ کر 26570.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 87 ارب 16 کروڑ 32 لاکھ 88 ہزار 424 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78 کھرب 71 ارب 13 کروڑ 68 ہزار 119 روپے سے بڑھ کر 79 کھرب 58 ارب 29 کروڑ 33 لاکھ 56 ہزار 543 روپے ہوگیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ 38 کروڑ 50 لاکھ 14 ہزارحصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 13 ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین19 کروڑ 94 لاکھ 41 ہزار حصص رہا اور ٹریڈنگ ویلیو 7 ارب روپے تک محدود رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 1960 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔

جس میں سے 1021 کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 833 میں کمی اور 106 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ، دیوان سیمنٹ، بینک آف پنجاب، دیوان سلمان، سونیری بینک لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی، پی ٹی سی ایل، فوجی سیمنٹ، تھری اسٹار پولیسٹر، اینگرو فرٹیلائزر، این آئی بی بینک لمیٹڈ، پاک سیمنٹ لمیٹڈ، دیوان موٹرز اور بینک الفلاح سرفہرست رہے۔

Share this article

Leave a comment