ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)اسمارٹ فون میں جدید ترین ترقیوں کے باوجود بھی اس کی بیٹری میں کوئی خاص جدت نہیں آسکی جب کہ اسمارٹ فون میں بند ہوتی بیٹری اور اس کی جارچنگ ایک مسئلہ بن چکی ہے۔ لیکن اب ایک کمپنی نے بیٹری کی جسامت آدھی اور افادیت کو دُگنا کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ خاص میٹریل سے تیارشدہ یہ بیٹری دُگنے وقت تک چلے گی اور مارکیٹ میں دستیاب تمام بیٹریوں سے اس کی صلاحیت سب سے بہترین ہوگی۔
سالڈ انرجی سسٹمز کی جانب سے تیار کردہ بیٹری جسامت میں آدھی اور افادیت میں دُگنی ہوگی جب کہ کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ بیٹری کی جسامت نصف رہ جائے گی اور یہ لیتھیئم بیٹری جتنے وقت تک فون کو چلاسکے گی اور اگر بیٹری کو آج کی عام بیٹریوں جتنا بڑا کرلیا جائے تو یہ ازخود دُگنی کارکردگی فراہم کرے گی۔
عام طور پر ہم لیتھیئم آئن بیٹری استعمال کررہے ہیں جس میں گریفائٹ کیتھوڈ سے منفی چارج کے حامل الیکٹران مثبت چارج والے اینوڈ کی جانب سفر کرتے ہیں۔دوسری جانب لیتھیئم کی ہائی انرجی دھاتی پرت کو بھی استعمال کیا گیا ہے جو نہ صرف بیٹری کو زیادہ چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ یہ بیٹری کی عمر بھی بڑھاتا ہے۔