Friday, 29 November 2024


غیرت کے نام پر نوجوان کو قتل کردیا گیا

ایمز ٹی وی (سوات) غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون اور نوجوان پر تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں نوجوان ہلاک جب کہ خاتون شدید زخمی ہوگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل بریکوٹ کے علاقے شموزئی میں ایک شادی شدہ خاتون کے والد اورچچا نے غیرت کے نام پر خاتون اوراُس کے مبینہ نوجوان دوست کو درخت سے باندھ کر پتھروں اور ڈنڈوں سے مارا۔ تشدد کے نتیجے میں خاتون اور نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج خون زیادہ بہہ جانے کے باعث نوجوان جاں بحق ہوگیا جب کہ خاتون تا حال اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس صدیق اکبرنے بتایا کہ واقعے میں ملوث خاتون کے والد اورچچا کو گرفتارکرلیا گیا ہے جب کہ زخمی خاتون کی حفاظت کے لیے اسپتال میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کے باعث وہ بیان دینے کے قابل نہیں ہیں تا ہم جیسے ہی وہ بول چال کے قابل ہوں گی بیان قلم بند کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سوات میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 15 افراد غیرت کے نام پر قتل کیے گئے جس میں تین مرد بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ سوات میں کچھ عرصے سے غیرت کے نام پر قتل کرنے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جب کہ خاندانی بدنامی کے خوف سے رپورٹ نہ ہونے والے واقعات علیحدہ ہیں تا ہم افسوسناک پہلو یہ ہے کہ علاقائی سطح پر قائم جرگوں کے ذریعے معافی نامہ کروا کرمجرم کو بچالیا جاتا ہے- جس کے باعث ایسے واقعات کی سرکوبی کرنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے-

Share this article

Leave a comment