Friday, 29 November 2024


بچوں کے اغوا پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’کڈنیپ‘ کا ٹریلر جاری

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بچوں کے اغوا پر مبنی ہالی ووڈ فلم ’کڈنیپ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم لوئیس پریٹو کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔

فلم کی کہانی ایک پریشان ماں کارلا کے گرد گھومتی ہے جو اپنے بیٹے کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہی ہوتی ہے۔ ایک دن اچانک پارک میں کھیلتے ہوئے اس کا بیٹا فرینکی غائب ہوجاتا ہے۔

کارلا پولیس اسٹیشن میں اغوا کی رپورٹ درج کروانے جاتی ہے جہاں وہ دیکھتی ہے کہ پہلے ہی سے کئی لاپتہ بچوں کے کیسز حل طلب ہیں اور اس کے بعد کارلا اپنے طور پر اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کرتی ہے۔


ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم میں بچوں کے اغوا کے سنگین مسئلہ کو موضوع بنایا گیا ہے۔ بچوں کا اغوا ایک خطرناک عمل ہے جس میں بچوں کو اغوا کر کے انہیں مختلف منفی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے صرف 7 ماہ میں جنوبی سوڈان میں دہشت گرد گروہوں نے 16 ہزار بچوں کو اغوا کیا۔ ان بچوں کو جبراً دہشت گرد گروہوں میں بھرتی کرکے ان سے مختلف مجرمانہ کارروائیاں کروائی گئیں۔ سنہ 2015 میں نائجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے اسکول کی 300 لڑکیوں کو اغوا کر کے یرغمال بنالیا۔ یہ لڑکیاں تاحال بوکو حرام کی قید میں ہیں اور ان کے لیے جنسی غلام کی حیثیت سے زندگی بسر کر رہی ہیں۔

حال ہی پاکستان کے شہر لاہور میں بھی بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا اور رواں برس کے صرف 6 ماہ میں پنجاب کے مختلف علاقوں سے 652 بچوں کے اغوا ہونے کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔

فلم ’کڈنیپ‘ میں مرکزی کردار ہیلے بیری نے جبکہ بچے کا کردار ساگا کوریئا نے ادا کیا ہے۔ فلم ہسپانوی ڈائریکٹر لوئیس پریٹو کی ہدایت کاری میں بنائی گئی ہے۔

ہالی ووڈ تھرلنگ فلم 2 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment