Friday, 29 November 2024


فہد ملک قتل کیس میں دلچسپ موڑ

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویز القادر میمن نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم نعمان کھوکھر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ مدعی کے وکیل نے ملزم کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھیجا جائے۔ قانون ملزم کی عبوری ضمانت میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا۔

تفتیشی افسر محمد یوسف نے بتایا کہ ملزم تعاون نہیں کر رہا۔ ضمانت منسوخ کی جائے۔ ملزم کے وکیل ظفر کھوکھر نے دلائل دیے کہ اسلام آباد پولیس دیگر جرائم کو نظرانداز کرکے صرف فہد قتل کیس میں لگی ہے۔ عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق پیر تک مہلت دی جائے۔

دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلاءمیں تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر عدالت نے وکلاءکو چپ رہنے کی ہدایت کی۔ جج نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور اپنے چیمبر میں چلے گئے۔ ملزم کے وکیل نے اعتراض کیا اور کہا کہ فیصلہ عدالت میں ہی سنایا جائے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی تاہم جج نے پولیس کو کمرہ عدالت سے ملزم کی گرفتاری سے روک دیاجس پرڈرامائی اندازاپناتے ہوئے ملزم ریڈر کی کرسی کے پیچھے چلا گیا لیکن جونہی ملزم کمرہ عدالت سے باہر نکلا پولیس نے اسے دبوچ لیا۔ سماعت کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے کچہر ی کو گھیرے میں لئے رکھا۔

Share this article

Leave a comment