Friday, 29 November 2024


جیکی چن کے لیے اعزازی آسکر ایوارڈ

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے مشہور ایکشن ہیرو جیکی چن کو اعزازی طور پر آسکر ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اکیڈمی ایوارڈز منتظمین کے مطابق یہ ایوارڈ ان کے شاندار ایکٹنگ کیریئر کے اعتراف میں دیا جائے گا۔

ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے 62 سالہ مارشل آرٹ اداکار جیکی چن اپنی مارشل آرٹ کی ناقابل یقین مہارت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ وہ اپنے بچپن سے چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلموں میں کام کر رہے ہیں اور اب تک 150 فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

جیکی چن کے ساتھ فلم ایڈیٹر اینی کوٹس، کاسٹنگ ڈائریکٹر لین سلمسٹر اور ڈاکیومنٹری ڈائریکٹر فریڈرک وائس مین کو بھی اعزازی اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

اینی کوٹس فلم ’لارنس آف عربیہ‘ میں اپنے کام کے باعث اس سے قبل بھی آسکر ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ اپنے 60 سالہ کیریئر میں انہوں نے ہالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں بطور فلم ایڈیٹر کام کیا۔

سلمسٹر 200 سے زائد فلموں کے لیے انڈسٹری کی بہترین کاسٹ تخلیق کر چکے ہیں جبکہ فریڈرک وائس مین 1967 سے تقریباً ہر سال ایک ڈاکیومنٹری فلم بنا چکے ہیں۔

ان فنکاروں کو یہ اعزاز نومبر میں ہونے والے اکیڈمی کے آٹھویں سالانہ گورنرز ایوارڈز میں دیا جائے گا۔

آسکر کے گورنرز ایوارڈ کا آغاز 2009 میں ان فنکاروں کے اعزاز میں کیا گیا جو اکیڈمی ایوارڈز کی مرکزی فہرست میں اپنی جگہ نہیں بنا پاتے لیکن ان کا کام ہالی ووڈ کے لیے سرمایہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل اوپرا ونفرے اور انجلینا جولی سمیت کئی اداکاروں اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں کو بھی اس اعزازی ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

Share this article

Leave a comment