Friday, 29 November 2024


امیتابھ بچن کا اپنی پوتیوں کو مشورہ

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) انڈیا کی فلم انڈسٹری کے سب سے بڑے اداکار امیتابھ بچن نے معاشرے میں خواتین کے کردار کے بارے میں کھلا خط جاری کیا تو وہ فوراً ہی جنگل کی آگ کی طرح ہر طرف پھیل گیا اور ہر طرف اس پر تبصرے شروع ہو گئے۔ لیکن جب وہ خط ان کی پوتیوں کے نام ہو تو عوامی دلچسپی کے ساتھ ساتھ وہ سوشل میڈیا کے صارفین کے غصے میں اضافہ کر دیتا ہے۔

وہ متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی کافی مستعد ہیں جس کی وجہ سے انڈیا کی انٹرنیٹ اور موبائل ایسوسی ایشن نے سنہ 2015 میں انھیں ’سال کا سوشل میڈیا پرسن‘ منتخب کیا تھا۔
انھوں نے پیر کو فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انھوں نے اپنی دونوں پوتیوں نویا نویلی اور آرادھیا سمیت ’انڈیا کی تمام پوتیوں سے کہا کہ وہ آزاد خواتین‘ بن جائیں۔
بالی وڈ کے اداکار ابھیشک بچن کے والد اور اداکارہ ایشوریہ رائے بچن کے سسر امیتابھ کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی پوتیوں کے پاس بچن کا خاندانی نام ہے تاہم یہ ’عورت ہونے کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات میں ان کی حفاظت نہیں کرے گا۔‘

امیتابھ بچن کا اس ویڈیو میں خط پڑھتے ہوئے اپنی پوتیوں سے کہنا تھا کہ تمہارے پردادا کی جانب سے دیے جانے والے نام کی وجہ سے تمہیں شہرت، عزت اور پہچان تو ملے گی لیکن ’چونکہ تم خواتین ہو اس لیے لوگ تم پر اپنے خیالات اور حدیں مسلط کریں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ تمھیں بتائیں گے کہ کیسے تیار ہونا ہے، کیسے برتاؤ کرنا ہے، تم کس سے مل سکتی ہو اور کہاں جا سکتی ہو لیکن ’تم لوگوں کے فیصلوں کے سائے میں مت جینا، اپنے فیصلے اپنی عقل کے مطابق کرنا۔‘ امیتابھ بچن کی فیس بک پر پوسٹ کی جانے والی ساڑھے تین منٹ کی ویڈیو کو پہلے ہی 30 لاکھ کے قریب دیکھا جا چکا ہے اور اس کا ردِ عمل زیادہ تر مثبت ہی آیا ہے۔

ایک صارف شتول کمرن نے فیس بک پر پوسٹ کیا: ’سر آپ نے باکل صحیح کہا، آپ کا شکریہ۔ لڑکی ہونا بہت ہی مشکل کام ہے۔‘
ایک اور صارف سجیتا علی نے لکھا ’واہ واہ۔ میری خواہش ہے کہ ہر انڈین مرد امیت جی کی طرح سوچے۔‘

امیتابھ بچن کی فیس بک پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو کی جہاں تعریف کی جا رہی ہے وہیں اس پر تنقید بھی ہو رہی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ خط پدری نظام کے بارے میں ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف سندھیا نے لکھا: ’مسٹر بچن، یہ پدری نظام میں رنگا ہوا خط ہے۔ مثلاً یہ کہ تمھاری پوتیوں کے پاس ان کی دادیوں کی روایت بھی تو ہے۔‘

دیگر صارفین نے اس خط کے اس موقعے پر جاری کرنے پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا تعلق امیتابھ بچن کی نئی فلم ’پنک‘ سے ہے جو اگلے ہفتے ریلیز ہونے والی ہے اور جو انڈیا میں جنسی امتیاز کے بارے میں ہے۔

Share this article

Leave a comment