Friday, 29 November 2024


مواقع ضائع نہ ہوتے تو میری کارکردگی بہتر رہتی،محمدعامر


ایمزٹی وی(لاہور)محمد عامر نے نوبال پر قابو پانے کا نسخہ تلاش کر لیا، اسی نوعیت کی گیند دانستہ کرنے پر 5سال کرکٹ سے دور رہنے والے پیسر کا کہنا ہے کہ خصوصی احتیاط برتتے ہوئے رن اپ 23کے بجائے 25قدم کیا۔


انہوں نے کہا کہ دورۂ انگلینڈ سے قبل میری واپسی کے حوالے سے خاصا شور مچا، میں بھی عوام کی طرف سے تلخ جملے سننے کیلیے تیار تھا لیکن بڑی خوشی کی بات ہے کہ کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش نہیں آئی۔


ساتھی کھلاڑیوں اور پرستاروں کی سپورٹ کی بدولت ایک مشکل امتحان سمجھا جانے والا ٹور اچھی یادوں کے ساتھ ختم ہوا، انہوں نے کہا کہ لارڈز میں ختم ہونے والا سفر وہیں ٹیسٹ سے شروع ہوا تو تماشائیوں کی حوصلہ افزائی نے ذہن سے سارا بوجھ اتار دیا، میزبان کرکٹرز کا رویہ بھی اچھا رہا، معین علی سب سے بہتر تھے۔


انہوں نے مشورہ دیا کہ ماضی کو بھلا کر مستقبل پر توجہ دو، میدان سے باہر بھی عوام نے بڑی خوشدلی سے استقبال کیا۔


پرستاروں نے میرے ساتھ تصویر بنوانے کو یادگار موقع قرار دیا۔ ایک سوال پر عامر نے کہا کہ کیچز ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے لیکن مواقع ضائع نہ ہوتے تو میری کارکردگی بہتر رہتی۔

Share this article

Leave a comment