Friday, 29 November 2024


وسیم اکرم اور آفریدی کپتان کی حمایت میں بول پڑے

ایمز ٹی وی (کھیل) وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے اظہر علی کو ایک روزہ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلراور سابق کپتان وسیم اکرم نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ قیادت کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل کم از کم 30سے 35 میچوں تک اظہر علی کی قیادت کا جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اظہر 20 سے 25 میچوں میں قیادت کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور انہیں ابھی مزید وقت دیا جانا چاہیے۔ سرفراز احمد کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز نے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی بہت عمدہ انداز میں قیادت کی اور کھلاڑی ان سے کافی تعاون کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کپتان بنانے کا فیصلہ قبل از وقت ہو گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں 900 سے زائد وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر نے موجودہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن کو سخت حریف اور سیریز کے لیے فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ہرانا پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ہو گا۔ ادھر ایک اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اظہر علی کو فوراً قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کردی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اظہر کی ایک روزہ میچوں میں ذاتی کارکردگی بری نہیں اور سرفراز کو ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ ابھی قبل از وقت ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ سرفراز نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن انہیں ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے سے اضافی دباؤ آ جائے گا۔

واضح رہےکہ پی سی بی ذرائع کے مطابق اظہر علی کے بحیثیت کپتان مستقبل کا فیصلہ عید کے بعد ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے سلسلے میں ہونے والے سلیکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔

Share this article

Leave a comment