ایمزٹی وی (سیاسی) پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت دھاندلی کی آزادانہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیتی ہے تو کراچی میں احتجاج نہیں کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے خود پر لاشوں کی سیاست کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کو شہریوں کا ایک جمہوری حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب ہی سیاسی جماعتیں دھاندلی کا رونا روتی ہیں، لیکن ان میں کوئی احتجاج نہیں کرتا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا سپریم کورٹ کو تحقیقات پر خط آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ پریس کانفرنس کے بعد انہوں نے اسلام آباد دھرنے کے شرکا سے خطاب بھی کیا جس میں انکا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ بات اب معلوم ہوچکی ہے کہ کپتان کسی صورت نہیں ڈرے گا۔ خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر حکومت کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں انہوں نے 30 نومبرکو اسلام آباد کے ایک بڑے جلسے میں خطاب کے دوران پلان سی کا اعلان کیا تھا جس میں انکا کہنا تھا کہ وہ چار دسمبر کو لاہور، 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی کو بند کریںگے، جبکہ 16 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے رواں سال چودہ اگست کو لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کرتے ہوئے اس احتجاج کو شروع کیا تھا اور عمران خان کا اولین مطالبہ وزیراعظم نواز شریف کا استعفی ہے۔ اس دوران کئی مرتبہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی فضا بھی ہموار ہوئی لیکن یہ مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے ۔
جوڈیشنل کمیشن کے قیام پر کراچی میں احتجاج نہیں ہو گا، عمران خان
- 11/12/2014
- K2_CATEGORY اسلام آباد
- 1752 K2_VIEWS
Leave a comment