Friday, 29 November 2024


ملکی وے کا سب سے تفصیلی نقشہ جاری کردیا گیا


ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) نے ہماری کہکشاں یعنی ملکی وے کا سب سے تفصیلی نقشہ جاری کردیا ہے جس میں اس کے ایک ارب 10 کروڑ ستاروں کے مقامات کی ٹھیک ٹھیک نشاندہی کی گئی ہے۔ ملکی وے کہکشاں کا یہ نقشہ ’’گائیا‘‘ نامی خلائی مشن نے اپنے ابتدائی 14 مہینوں میں مسلسل فلکیاتی مشاہدے کے بعد تیار کیا ہے جس میں ایک ارب 14 کروڑ اور 20 لاکھ ستاروں کے مقامات کا انتہائی درست طور پر تعین کیا گیا ہے۔
اگر اس کا موازنہ ملکی وے کہکشاں کے پچھلے سب سے تفصیلی نقشے سے کیا جائے جو ’’ہپارکوس‘‘ نامی خلائی مشن نے تیار کیا تھا تو معلوم ہوگا کہ یہ اُس سے 20 گنا بڑا ہے۔ ایک ارب سے زائد مذکورہ ستاروں میں سے تقریباً 40 کروڑ ایسے ہیں جو پہلے نامعلوم تھے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ملکی وے کہکشاں ہماری سابقہ معلومات سے بھی کہیں زیادہ بڑی ہے۔ گائیا مشن میں دنیا بھر سے 450 ماہرینِ فلکیات اور سافٹ ویئر انجینئرز شریک ہیں۔ اس مشن کی خلائی دوربین ایک ارب پکسل والے کیمرے سے لیس ہے جو اتنا طاقتور ہے کہ ایک ہزار کلومیٹر کی دوری سے بھی انسانی بال جتنی باریک چیز کو دیکھ سکتا ہے۔
اس سے پہلے ہپارکوس خلائی مشن سب سے طاقتور سمجھا جاتا تھا جس نے زمین سے 1600 نوری سال دوری تک واقع 80 جھرمٹوں میں ستاروں کے فاصلے معلوم کیے تھے۔ لیکن گائیا اس سے بھی بہت آگے ہے۔ یہ اس قابل ہے کہ 4800 نوری سال دوری تک واقع 400 جھرمٹوں میں ستاروں کے فاصلوں کی پیمائش کرسکے۔

Share this article

Leave a comment