Friday, 29 November 2024


عوام کی معاشی ترقی و خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے، فاروق حیدر

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) لوکل گورنمنٹ رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ دور دراز پسماندہ علاقوں میں عوامی فلاح وبہبو د کے پراجیکٹ ٹائم فریم کے اندر مکمل کرے اور مالیاتی ڈسپلن قائم کرتے ہوئے ان پراجیکٹس کے مانیٹرنگ سسٹم کوموثر بنائے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ دیہی رابطہ کونسل کے زیر اہتمام تمام پراجیکٹ مکمل کرے ۔ سابقہ حکومتوں کی ناقص حکمت عملی نے ہمیں 22ارب کا خسارہ ورثے میں دیا ہے ۔ عوام کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے شکر گزار ہیں جو آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے تعمیر وترقی کیلئے ممکنہ فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر محمود الحسن نے بریفنگ دی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی معاشی ترقی و خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے اور ہم اس ایجنڈے کی تکمیل کر کے رہیں گے ۔ آزادکشمیر میں دسمبر تک بلدیاتی الیکشن کرائیں گے ۔ قبل ازیں راجہ فاروق حیدر سے جماعت اسلامی کی ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے ملاقات کی، کوٹلی کے مسائل سے آگاہ اور اضافی حلقے کامطالبہ کیا۔

راجہ فاروق حیدر نے رفعت عزیز کی جانب سے را ج محل دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ اکتوبر کے آخرتک دورہ کریں گے ،راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ کشمیرکی آزادی اور آزادخطے میں اچھی حکومت کا قیام میرا مشن ہے ،ریاستی اداروں میں اصلاح ہوگی تو نظام کی اصلاح ہوگی میری خواہش ہے کہ ریاست کے ادارے مضبوط کئے جائیں تاکہ وہ عوام کو انصاف فراہم کریں،ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ عوامی مسائل حل ہوں اور عوام چند ماہ بعد تبدیلی محسوس کریں گے ۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈائون کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مہذب دنیا کو بھارتی حکمرانوں کا اصل روپ دکھائیں گے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا جابرانہ تسلط ختم کرائے ۔

Share this article

Leave a comment