Friday, 29 November 2024


کرپشن کے خلاف آپریشن کلین اپ کیا جائیگا، راجہ فاروق حیدر


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد خطہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی ہماراایجنڈا ہے ، اس کی تکمیل کرکے رہیں گے ،حکومت نے اپنی ترجیحات کے مطابق اس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کاآغاز کر دیا ہے ،انتخابات کے دوران جو منشور دیا اس کو سو فیصد عملی جامہ پہنایا جائیگا،کشمیر ایشو، گڈ گورننس اور عوام کی خوشحالی و ترقی ہماری ترجیحات ہیں ۔

آزاد کشمیر کو ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے جہاں قانون کی حکمرانی ، انصاف کی بالا دستی ،میرٹ کا تقدس ہو اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو سکے ، وہ یہاں وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ، اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مختلف درخواستوں پر احکامات جاری کئے

راجہ فاروق حیدرنے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے آزاد کشمیر سے استحصالی نظام تبدیل کرنے کیلئے ہمیں ووٹ د یئے ،عوام اطمینان رکھیں انتخابات کے دوران عوام سے کئے جانے والے تمام وعدوں کو پورا کریں گے ،کرپشن کے خلاف آپریشن کلین اپ کیا جائیگا ،دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر ایشو آرپار کی قیادت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے اور یہ ایشو ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشیاں کررہاہے مگر اب بھارتی حکمرانوں کے تمام منفی ہتھکنڈے ناکام ہونگے ۔

Share this article

Leave a comment