Friday, 29 November 2024


روس کی زمینی فوج کے دستے پہلی مرتبہ پاکستان پہنچے،’آئی ایس پی آر

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) پاکستان اور روس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشقیں 24 ستمبر سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہیں اور ان میں شرکت کے لیے روسی فوجی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق روس کی زمینی فوج کے دستے پہلی مرتبہ پاکستان پہنچے۔

یہ فوجی مشقیں دو ہفتوں تک جاری رہیں گی، تاہم فوری طور اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

پاکستان اور روس کے تعلقات میں حالیہ برسوں میں نمایاں بہتری آئی ہے خاص طور 2014 کے بعد سے جب روس نے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی پر عائد پابندی اٹھا لی تھی۔

اس پابندی کے خاتمے کے بعد روس کی طرف سے پاکستان کو لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کا ایک معاہدہ بھی طے پا چکا ہے، لیکن تاحال وہ ہیلی کاپٹر پاکستان کو ملے نہیں ہیں۔

حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری عہدیدار بھی ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کر چکے ہیں جن میں دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا تھا۔

پاکستان اور روس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشقیں ایسے وقت ہونے جا رہی ہیں جب کہ خطے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات خاصے کشیدہ ہیں۔

اس کشیدگی میں اضافہ لائن آف کنٹرول کے قریب بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں گزشتہ اتوار کو عسکریت پسندوں کے حملے میں 18 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت بنی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان یہ فوجی مشقیں بہت پہلے سے طے تھیں اور اس کا موجودہ علاقائی حالات سے کوئی تعلق نہیں۔

رواں ہفتے ہی پاکستانی فضائیہ نے ’’ہائی مارک 2016‘‘ مشقوں کا بھی آغاز کیا، پاکستانی فضائیہ کا کہنا ہے کہ یہ معمول کی مشقیں ہیں لیکن انھیں فضائیہ میں بہت اہمیت حاصل ہے۔

Share this article

Leave a comment