Saturday, 30 November 2024


براک اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کیا کہا۔۔۔؟ آپ بھی پڑھیں

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) امریکہ میں صدر براک اوباما نے ریپبلکن پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائیں۔

ہلری کلنٹن کی حمایت کے لیے کی گئی ایک ریلی مشرکت کرتے ہوئے صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی منطق نہیں کہ آپ ڈونلڈ ٹرمپ کے (خواتین کے معاملہ میں) نازیبہ بیان کی مخالفت کریں لیکن پھر بھی ان کی صدارت کی حمایت کریں۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے وہ شدید مشکلات میں ہیں اور رپبلکن پارٹی کے 30 کے قریب سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔ امریکہ میں رپبلکن جماعت کےصدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے انھیں غدار قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے خصوصی طور پر اپنی ہی جماعت کے سینیئر ترین رہنما پال رائن کو کمزور اور غیر موثر رہنما قرار دے دیا ہے۔

امریکہ ایوانِ نمائندگان کے سپیکر اور رپبلکن جماعت کے ملک میں سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز رہنما پال رائن نے کہا تھا کہ خواتین سے دست درازی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد وہ اپنی جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع نہیں کریں گے۔ پال رائن کے اس بیان کے ردعمل میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ رپبلکن ان پر چاروں جانب سے حملہ کر رہے ہیں اور ان کی غداری کا مقابلہ کرنا ڈیموکریٹس کا مقابلہ کرنے سے زیادہ مشکل ہے۔

انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ان کی بیڑیا اتر گئی ہیں اور اب انھیں اپنی مرضی کے مطابق امریکیوں کے لیے لڑائی کرنے کا موقع ملا ہے۔ پیر کو امریکی ایوانِ نمائندگان کے سپیکر پال رائن نے کہا کہ ان کی توجہ کانگریس میں اپنی جماعت کی نشستیں بچانے پر مرکوز ہے تاہم وہ جماعت کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار کی توثیق ختم نہیں کریں گے۔

پال رائن نے کہا ہے کہ'وہ اپنی تمام توانائی اس بات کو یقینی بنانے پر صرف کریں گے کہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس کا بلینک چیک نہ ملے۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر عورتوں کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ ریپلکن پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے خواتین کے بارے میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نازیبا بیانات کی مذمت کی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان سنہ 2005 کا ہے جس کی ویڈیو امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے حال ہی میں جاری کی ہے۔

اس ویڈیو ٹیپ میں ڈونلڈ ٹرمپ ٹی وی کے میزبان بلی بش کو یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ 'اگر آپ سٹار ہیں تو' خواتین کے ساتھ 'آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔'
بعد میں معذرتی ویڈیو میں ٹرمپ نے کہا: 'میں نے ایسی باتیں کہی اور کی ہیں جن پر مجھے افسوس ہے۔ جو کوئی مجھے جانتا ہے اسے معلوم ہے کہ یہ الفاظ میری شخصیت کی عکاسی نہیں کرتے۔ میں نے یہ باتیں کہی ہیں، میں غلط تھا اور میں معافی مانگتا ہوں۔'

Share this article

Leave a comment