Saturday, 30 November 2024


اتر پردیش میں مذہبی اجتماع میں افواہ پھیلی اور بھگدڑ مچ گئی،24 افراد ہلاک


ایمز ٹی وی (بین الاقوامی) بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں مذہبی اجتماع میں بھگدڑ مچنے سے 24 افراد ہلاک و متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ اجتماع میں بھگدڑ اس وقت مچی جب متنازع گرو جے گرودیو کے ہزاروں عقیدت مندوں نے ایک ساتھ پُل پار کرنے کی کوشش کی۔ بھگدڑ کا واقعہ ریاست اترپردیش میں ہندوؤں کے لیے مقدس مقام وراناسی کے مضافات میں پیش آیا۔

پولیس انسپیکٹر جنرل ہری رام شرما نے ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے واقعے میں 19 خواتین سمیت 24 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے جو قریبی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاستی پولیس چیف جاوید احمد نے لوہے کے پرانے پُل پر بھیڑ کو واقعے کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اجتماع کے منتظمین نے 5 ہزار افراد کی اجازت لی تھی لیکن اجتماع میں شرکت کے لیے اس سے کئی زیادہ لوگ آئے۔

ہندوؤں کے مذہبی فرقے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لوگ آرام سے پُل پار کر رہے تھے لیکن اسی دوران کوئی افواہ پھیلی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور خستہ حال پُل گر گیا۔ دریائے گنگا کے کنارے 2 روزہ مذہبی اجتماع میں شرکت کے لیے قریبی اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ آئے تھے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادؤ نے واقعے کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

Share this article

Leave a comment