Thursday, 28 November 2024


پاکستان کی ترقی کے وژن کو پورے خطے میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہورہی ہے

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہد ری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے پاکستان کی ترقی کے وژن کو پورے خطے میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میں نو تعمیر شدہ کالج روڈ کے افتتاح کے موقع پر کی۔ انہوںنے کہاکہ آج محمد نواز شریف کا وژن پورے خطے کے لئے باعث تقلید بن چکا ہے اور خطے کے دیگر ممالک بھی اس وژن کو اپنا کر ترقی کے سفر میں شامل ہونا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ درحقیقت محمد نواز شریف کے ہی اُس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت انہوں نے 90کی دہائی میں اس خطے کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملانے کے لئے موٹر ویز کا منصوبہ شروع کیا ۔

انہوں نے کہا اُس وقت اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنانے والے آج اسی منصوبے کو اپنے علاقوں تک توسیع دینے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ اس خطے کے دیگر ممالک بھی پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بننا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے ممالک میں ترقی و خوشحالی کے ایک روشن باب کا آغاز کر سکیں ۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ یہ عظیم منصوبہ پاکستان کی معیشت کو ایک لازوال ترقی کی بنیاد فراہم کرے گا اور اس منصوبے سے پورے پاکستان کو مستفید کرنے کے لئے پورے ملک میں انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ترقی و خوشحالی کی ان کرنوں سے پورا ملک روشن ہوسکے ۔

 

Share this article

Leave a comment