Friday, 29 November 2024


قومی ٹیم کو بڑا نقصان

ایمز ٹی وی (کھیل) ایشین چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا،کپتان محمد عرفان سینئر پاسپورٹ نہ ملنے کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوگئے، ہنگامی بنیادوں پر فیصل قادر کو طلب کر لیا گیا ہے، فرید احمد کپتان اور حسیم خان نائب کے فرائض انجام دیں گے، ایونٹ کا آغاز جمعرات سے ملائیشیا میں ہوگا، گرین شرٹس افتتاحی میچ میں میزبان کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیائی سطح پر ہاکی کے سب سے بڑے میلے کا آغاز جمعرات سے ہو رہاہے، ملائیشیا کے شہر کوآنٹن میں30اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں بھارت، اومان، پاکستان، چین، ملائیشیا اور جاپان کی ٹیمیں شریک ہوںگی، چیمپئن شپ شروع ہونے سے قبل ہی پاکستانی ٹیم کو نئی مصیبت نے گھیر لیا،پی ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق عرفان ایمبیسی کی طرف سے پاسپورٹ نہ ملنے کے باعث ملائیشیا میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کو جوائن نہیں کرپائیں گے، ان کی جگہ فیصل قادر کو بھیجا جا رہا ہے۔

فرید احمد کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ عبدالحسیم خان نائب ہوں گے، فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ عرفان نے کسی غیرملکی ایمبیسی میں اپنا پاسپورٹ جمع کرایا ہوا ہے، اس لیے ہم ان کیخلاف ضروری انضباطی کارروائی کریں گے، ادھر ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز جمعرات سے ہوگا، ایونٹ میں عمران بٹ، امجد علی (گول کیپرز)، علیم بلال، عماد شکیل بٹ (ڈیفنڈرز)، راشد محمود، تصور عباس، نواز اشفاق، فرید احمد، توثیق ارشد، محمد رضوان (ہافس)، محمد عرفان جونیئر، عمر بھٹہ، ارسلان قادر، علی شان، اعجاز احمد، محمد رضوان سینئر اور عبدالحسیم خان ملک کی نمائندگی کریں گے۔

حنیف خان ٹیم منیجر، خواجہ جنید ہیڈ کوچ، احمد عالم اسسٹنٹ کوچ اور ندیم لودھی ویڈیو اینالسٹ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایونٹ سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم پریکٹس میچ میں جاپان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے زیر کرنے میں کامیاب رہی ہے، گذشتہ روز بھی اس نے اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی اور میزبان ٹیم کیخلاف شیڈول میچ میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی، چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور ملائیشیاکے درمیان ہوگا، اسی روز بھارت اور جاپان کا مقابلہ بھی شیڈول ہے۔

21اکتوبر کو پاکستانی ٹیم ایونٹ کے دوسرے میچ میں کوریا کے خلاف میدان میں اترے گی،23اکتوبر کو ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہوگا،25تاریخ کو پاکستانی ٹیم جاپان کیخلاف میچ کھیلے گی،27اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ چین سے ہوگا، 29 تاریخ کو دونوں سیمی فائنلزکے علاوہ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کا میچ بھی ہوگا، فائنل30 اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔

Share this article

Leave a comment