Friday, 29 November 2024


ملکی تجارت کو تاریخ کا سب سے بڑا نقصان

ایمز ٹی وی (تجارت) حکومت مخالف احتجاج کوروکنے کے لیے گڈزٹرانسپورٹ اور تجارتی سامان سے لدے کنٹینرز کی بڑی تعداد سرکاری تحویل میں لیے جانے کے سبب ملکی تجارت کو نقصان پہنچ رہا ہے جس سے درآمدوبرآمدی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوگئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اورکے پی کے لیے درآمدی کنسائمنٹس کی ترسیل معطل ہونے اوراندرون ملک کی صنعتوں کی تیارکردہ برآمدی مصنوعات کے کنٹینرزکی کراچی کی بندرگاہوں پر آمد رکنے کے باعث درآمدو برآمدکنندگان میں تشویش کی لہردوڑ گئی ہے تاہم کچھ درآمدوبرآمدی شعبوںکی نمائندہ تنظیمیں اس ضمن میں لاعلمی کا اظہارکرتے ہوئے دعویٰ کررہی ہیں کہ کراچی سے مال بردار کنٹینرز کی معمول کے مطابق ترسیل ہورہی ہے بلکہ ڈرائی پورٹس، ٹرانس شپمنٹ اوراے ٹی ٹی کے کنٹینرز کی بھی معمول کے مطابق ترسیل جاری ہے۔

دوسری جانب مال بردار کنٹینرزکی ترسیل کرنے والے گڈزٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ مظاہرین کے لیے رکاوٹیں پیدا کرنے کی غرض سے پنجاب میں ہزاروںمال بردار وہیکلز پکڑے جانے کے باعث انہوں نے کراچی کی دونوں بندرگاہوں سے پنجاب اور کے پی کیلیے غیراعلانیہ طور پرترسیل کا عمل روک دیا ہے۔ دوسری جانب سے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ اور ممتازبرآمدکنندہ صنعتکار ایس ایم منیر نے بتایا کہ اندرون ملک برآمدی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کرنے والی صنعتوں کے برآمدی کنسائمنٹس پنجاب میں روکے جارہے ہیں ۔

جس سے نہ صرف برآمدی سرگرمیاں متاثر ہوں گی بلکہ برآمدکنندگان کے لیٹرآف کریڈٹ کی مقررہ میعاد منسوخ ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ روکے گئے برآمدی کنسائمنٹس کے حامل کنٹینرز فوری طور پرریلیز کرنے کے احکامات جاری کرے اور اس ضمن میں انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو بذریعہ ای میل فوری طور پرآگاہ بھی کردیا ہے۔

Share this article

Leave a comment