Friday, 29 November 2024


ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی، پاکستانی ٹیم نے بھی فیصلہ کرلیا

ایمز ٹی وی (کھیل) تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے 281 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے 281 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں انہیں پاکستان پر 56 رنز کی برتری حاصل ہوئی تاہم دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی اور 50 رنز سے پہلے ہی ٹاپ آرڈر کے 4 بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا تو سمیع اسلم 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اس شفیق اور یونس خان کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، کپتان مصباح الحق نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھکا مارنے کی کوشش میں اپنی وکٹ 4 رنز پر گنوا دی۔

اس سے قبل جب ویسٹ انڈیز نے کھیل کا آغاز کیا تو کریگ برتھ ویٹ 95 اور جیسن ہولڈر 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے لیکن کوئی بھی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 337 رنز پر آوٹ ہوگئے تاہم برتھ ویٹ 142 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 50 اور شین ڈورچ نے 47 رنز بنائے جب کہ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 5، محمد عامر نے 3 اور یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سمیع اسلم 74 ،کپتان مصباح الحق 53، یونس خان اور سرفراز احمد 51، 51 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوندرا بشو نے 4، شینن گبریل نے 3 اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 2 صفر کی واضح برتری حاصل ہے اور اگر پاکستان تیسرا ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

Share this article

Leave a comment