Friday, 29 November 2024


سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کا آسان ترین ہدف

ایمز ٹی وی (کھیل) تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے کھیل کے پہلے دن 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا لئے ہیں۔ قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،گرین کیپس کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں اظہرعلی صفراور اسد شفیق بھی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔ ایک رن پر دو وکٹیں گرنے کے بعد سمیع اسلم اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 107 کے مجموعی اسکور پر یونس خان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سمیع اسلم 74 ،کپتان مصباح الحق 53، سرفراز احمد 51، محمد نواز6 اور وہاب ریاض 4 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوندرا بشو نے 4، شینن گبریل نے 3 اور روسٹن چیز نے ایک وکٹ حاسل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت ٹف ہے اور بولرز کو بہت محنت کرنا ہو گی تاہم آگے چل کر وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ راحت علی اور سہیل خان کو باہر بٹھایا گیا ہے۔ ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ اب تک سیریز بہت مشکل ثابت ہوئی ہے لیکن کوشش ہو گی کہ سیریز کا اختتام اچھا ہو اس لئے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 2 صفر کی واضح برتری حاصل ہے اور اگر پاکستان تیسرا ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بعد ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

Share this article

Leave a comment