Friday, 29 November 2024


فضائی آلودگی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو نہ پانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسموگ اور فضائی آلودگی سے لاہور کے شہری متاثر ہو ر ہے ہیں اس لیے عدالت شہری انتظامیہ کو راست اقدام کرنے کا حکم جاری کرے۔

درخواست کے متن کے مطابق پنجاب کا دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہو چکا ہے شہر میں درختوں کے کٹاؤ کے نتیجے میں اسموگ اور فضائی آلودگی سے 1 کروڑ سے زائد لاہور کے شہری متاثر ہورہے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر میں منصوبہ بندی کے بغیر جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے فضا میں مٹی کی زائد مقدار شامل ہونے سے اسموگ پیدا ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اتنی خطرناک صورت حال کے باوجود حکومت لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کنٹرول کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے جب کہ شہر میں غیرقانونی فیکٹریاں بھی فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہیں۔

درخواست گذار کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزارت ماحولیات خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور کروڑوں انسانوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی گئیں ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی روکنے کیلئےموثر اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے اور اسموگ کے اچانک نمودار ہونے کی وجوہات کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔

Share this article

Leave a comment