Friday, 29 November 2024


حریت قیادت تمام تر مسائل کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت تمام تر مسائل کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے ، گزشتہ روز نظربندی ختم ہوتے ہی میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی بزرگ رہنما علی گیلانی سے ملاقات ہوئی ہے ،تینوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی غلامی سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ، صدر آزاد کشمیر نے یقین دلایا کہ ہم حریت قیادت کے ساتھ ہیں، وہ تحریک آزادی کے حوالے سے جو لائحہ عمل طے کریں گے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت اور حکومت اس کی پیروی کرے گی۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں وکشمیر حق خودارادیت برطانیہ کے سربراہ راجہ نجابت حسین کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قیدخانے میں تبدیل کر رکھا ہے ۔
اس کے باوجود نہتے نوجوان باہر نکل کر احتجاج کرتے ہیں جن کے خلاف مہلک ترین ہتھیار استعمال کئے جاتے ہیں، شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا جاتا ہے اور آنسو گیس کی شیلنگ ہوتی ہے ۔ قابض فوج شہداء کی میتوں کی بے حرمتی کرتی ہے ، لیکن اسے پوچھنے والا کوئی نہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑے متحرک اور فعال ہیں، وہاں کشمیری کمیونٹی کے علاوہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور ذرائع ابلاغ بھی ہماری بات سننے کوتیار ہیں۔

یہاں مسئلہ کشمیر کی مناسبت سے کانفرنسیں بہت ہوتی ہیں، لیکن ان کی رپورٹس بر وقت شائع نہیں ہوتی ہیں نہ متعلقہ اداروں تک پہنچتی ہیں جس کی وجہ سے ساری محنت ہی رائیگاں جاتی ہے انہوں نے زور دیا کہ بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے ،قبل ازیں صدر آزاد کشمیر سے خالد احمد،وائس چانسلر مسٹ پروفیسر ڈاکٹرحبیب الرحمن ، معروف ماہر تعلیم اور دانشور ڈاکٹر امینہ ہوتی اور دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ -

 

Share this article

Leave a comment