Friday, 29 November 2024


ٹریڈنگ بند ہونے تک مارکیٹ نہ سنبھل سکی

ایمز ٹی وی (تجارت) ٹریڈنگ بند ہونے تک مارکیٹ نہ سنبھل سکی ، کے ایس سی 100 انڈیکس مزید دو بالائی حد سے نیچے گر گیا. پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بھی مندی کے بادل چھائے رہے ، نئی سرمایہ کاری رک گئی ۔ کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 2 بالائی حد سے نیچے گر گیا اور انڈیکس 42500 پوائنٹس سے گھٹ کر 42200 پوائنٹس کی کم سطح پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ سرمائے میں 31 ارب سے زائد روپے کی کمی واقع ہوئی ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان دیکھا گیا ، بینکنگ ، ایئر لائن ، توانائی ، ٹیلی کام اور سٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے باعث کاروبار کے دوران انڈیکس 42642 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ، تاہم فروخت کے دباؤ کے سبب بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے سے انڈیکس 42200 پوائنٹس کی حد تک گر گیا اور ٹریڈنگ بند ہونے تک مارکیٹ کو دوبارہ سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا ، جبکہ سرمایہ کاروں نے سارا دن محتاط رویہ اپنائے رکھا ۔

منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 233.26 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس 42525.93 پوائنٹس سے کم ہو کر 42292.67 پوائنٹس پر آگیا ، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 139.66 پوائنٹس کی کمی سے 22797.27 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 106 پوائنٹس کمی سے 29157.74 پوائنٹس سے گھٹ کر 29051.42 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ منگل کے روز مارکیٹ کے سرمائے میں 31 ارب 35 کروڑ 13 لاکھ 54 ہزار 296 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 85 کھرب 97 ارب 45 کروڑ 2 لاکھ 25 ہزار 305 روپے سے کم ہو کر 85 کھرب 66 ارب 9 کروڑ 88 لاکھ 71 ہزار 9 روپے رہ گیا ۔ مارکیٹ میں 36 کروڑ 58 لاکھ 12 ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 11 ارب روپے تک محدود رہی جبکہ پیر کے روز 55 کروڑ 43 لاکھ 4 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 17 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی ۔ مجموعی طور پر 408 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 163 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 224 میں کمی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔ کاروبار کے لحاظ سے بینک آف پنجاب 2 کروڑ 91 لاکھ ، پی آئی اے 2 کروڑ 47 لاکھ ، جاپان پاور 1 کروڑ 83 لاکھ ، جہانگیر صدیقی کمپنی 1 کروڑ 69 لاکھ اور سمٹ بینک 1 کروڑ 67 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے فلپ مورس پاک کے بھاؤ میں 77.61 روپے اور ایکسائیڈ پاک کے بھاؤ میں 45.10 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ رفحان میعظ کے بھاؤ میں 195.45 روپے اور آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 63.39 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

Share this article

Leave a comment