ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاک بھارت کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کی صورتحال کافی نازک ہے،جس کا سب سے زیادہ اثر شوبز انڈسٹری پر پڑا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر لگائی جانے والی پابندی کے بعد پاکستانی ٹی وی چینل ،ریڈیو اور سینما مالکان نے بھی بھارتی مواد اور فلموں پر پابندی عائد کردی ہے۔جس کے باعث بھارتی فلم پروڈیوسرز کو بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے،کیونکہ پاکستان بھارتی فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں سے بھارت کروڑوں کا منافع حاصل کرتاہے،لیکن پابندی لگنے کی وجہ سے بھارت اس منافع سے محروم ہو گیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی فلموں پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی سینما کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے،لہٰذا سینما مالکان نے اس کے متبادل کے طور پر ترکش اور ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ کیا ہے۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ترکش اور ایرانی فلموں کی ریلیز پاکستانی سینما کیلئے سود مند ثابت ہوں گی۔