Friday, 29 November 2024


پاکستان پرحملہ خود کشی کے مترادف ہو گی

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ، انسانیت کے خلاف جرائم اور سرجیکل اسٹرائیکس کے بے بنیاد دعویٰ کی حقیقت سامنے آنے کے بعد دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کر رہی ہیں۔

کھوئی رٹہ سیکٹر پر 4 معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین ان واقعات کی تحقیقات کریں اور بھارت کو عالمی برادری کے سامنے جوابدہ ٹھہرایا جائے

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت جو کچھ مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے اسے انسانیت کے خلاف جرم اور کشمیریوں کی نسل کشی کے علاوہ دوسرا کوئی نا م نہیں دیا جا سکتا ،کشمیری قوم آزادی کے سوا کسی دوسرے آپشن پر سمجھوتہ نہیں کرے گی،مقبوضہ کشمیر میں کوئی دہشتگرد نہیں ، نہتے نوجوان دنیا کے جدید ترین جنگی ساز و سامان سے لیس قابض افواج کے سامنے سینہ سپر ہیں جن کا ایک ہی نعرہ ہے کہ بھارتی غلامی قبول نہیں،کشمیری لائن آف کنٹرول کو تسلیم نہیں کرتے یہ جنگ بندی لائن ہے

بھارت کبھی پاکستان پر حملہ نہیں کرے گا ۔ اگر یہ بیوقوفی کی تو خود کشی کے مترادف ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قرار دادیں ابھی تک قابل عمل اور زندہ ہیں،جب تک ان پر عملد رآمد نہیں ہوتا یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متبادل قرار داد کے ذریعے ختم نہیں کرتی وہی قرار دادیں مسئلہ کشمیر کی ٹھوس بنیاد ہیں،ہمیں افسوس ہے کہ عالمی برادری اس جانب توجہ نہیں دے رہی لیکن کشمیری قوم مایوس نہیں ، ہم اپنی جدوجہد منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بڑی چالاکی اور عیار ی سے یہ پراپیگنڈا کر رہا ہے کہ کشمیری دہشتگرد ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں، کشمیر کی تین ہزار سال پرانی تاریخ ہے ، کشمیری امن پسند اور جنگ و جدل سے نفرت کرنے والی قوم ہے ،1947 سے پہلے کشمیر میں فرقہ واریت کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے اور قتل و غارتگری کا کوئی ثبوت نہیں ملتا،کشمیر میں صرف مسلمان ہی نہیں کشمیری ہندو، سکھ ، بدھ مت اور عیسائی بھی بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment