Friday, 29 November 2024


بھارتی فوج نے وادی نیلم میں خون کی گنگا بہادی

 


ایمزٹی وی(کوٹلی) مودی سرکار جنگی جنون میں اس قدراندھی ہوگئی ہے کہ اب اس نے مقامی آبادی کے علاوہ مسافربسوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وادی نیلم کے علاقے لوات میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مسافرکوچ پرراکٹ داغا گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید جب کہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرزمیں بھی رہائش پزیرشہری آبادی پرمسلسل گولہ باری اورفائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، کیرل سیکٹرمیں ایک مکان پرگولہ لگنے سے ایک شخص کے شہید جب کہ پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، اس کے علاوہ بھارتی فوج کی جانب سے داغے گئے 3 مارٹرگولے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال تتہ پانی کے قریب گرنے سے نازیہ دخترطفیل شاہ زخمی ہوگئیں۔

بھارتی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج بھی دشمن کو منہ توڑجواب دے رہی ہے، دونوں اطراف سے فائرنگ اورگولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس میں بھارتی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، کریلہ، شاہ کوٹ ، باگسر، تتہ پانی سیکٹرز پربلااشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔ جس میں بھارتی فوج نے مارٹرگولوں سے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ پاک فوج بھی دشمن کو منہ توڑجواب دے رہی ہے تاہم پاک فوج نے اب تک کسی بھی شہری کی شہادت کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment