Friday, 29 November 2024


مصباح الحق کی غیر موجودگی!!سابق کپتان نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ایمزٹی وی(کھیل) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی غیر موجودگی میں ٹیم کو اپنی ساکھ بچانے کیلئے کھیلنا پڑے گا، رنز بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو گراسی پچ پر زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزارنا پڑے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم ٹیسٹ میں بہت اچھا کھیل رہی ہے اس لیے ان کو زیادہ مشورے دینے کی ضرورت نہیں تاہم مصباح الحق کے بغیران کھلاڑیوں کو اپنی ساکھ بچانے کیلئے کھیلنا پڑے گا۔ پچھلے میچ میں سب لوگوں نے ایک ہی سٹائل میں کھیلا اور کریز پر ٹائم نہیں گزارا جس کی وجہ سے زیادہ رنز سکور نہیں کر پائے اور جلدی آئرٹ ہوگئے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہملٹن کی پچ بھی گراسی ہوگی اس لیے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزارنا پڑے گا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ سے یاسر شاہ کو ڈراپ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ یاسر شاہ کو ڈراپ کرنے کے بعد ٹیم میں ایک ہی طرح کے بولرزرہ جائیں گے اس لیے ٹیم میں تھوڑی سی ورائٹی ضروری ہے، انہیں ڈراپ کرنا ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کا ٹیلنٹ ابھی تک ابھر کر سامنے نہیں آیا وہ اکثر ہی رن آؤٹ ہوتا ہے ، جب اوپنرز اچھا سٹارٹ دیتے ہیں تو باقی کھلاڑیوں سے پریشر کم ہوتا ہے ٹیم کو باقاعدہ طور پر مضبوط کرنے کیلئے بیٹنگ لائن اپ مضبوط کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج ہملٹن میں کھیلا جائے گا جس میں قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے۔قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اپنے سسر کے انتقال کی وجہ سے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

Share this article

Leave a comment