Friday, 29 November 2024


کیا فون برانڈ مختلف رکھنے والوں کی شخصیات بھی مختلف ہوتی ہیں؟

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) کیا فون برانڈ مختلف رکھنے والوں کی شخصیات بھی مختلف ہوتی ہیں؟ اس بات کا جواب پانے کے لیے ماہرینِ نفسیات نے ایک دلچسپ تجزیہ کیا ہے اور انہوں نے آئی فون اور اینڈروئڈ فون فون رکھنے والے لوگوں کی فکر اور رویوں کو جاننے کے بعد اس خیال کو درست قرار دیا ہے کہ فون کا انتخاب بھی کسی کی شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔
برطانیہ کی تین جامعات لنکن، لنکاسٹر اور یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر کےنفسیاتی ماہرین نے مشترکہ طور پر 500 ایسے رضاکاروں کر بھرتی کیا جو آئی فون اور اینڈروئڈ فون رکھتے تھے اور ان سے کچھ سوالات بھی کئے۔

ایک بات یہ سامنے آئی کہ آئی فون رکھنے والوں میں سے ذیادہ تر خواتین تھیں۔ دوسری اہم بات یہ سامنے آئی کہ آئی فون رکھنے والے خواتین و حضرات اپنے فون کو ایک اسٹیٹس سمبل یا نشانِ فخر بھی سمجھتے ہیں جبکہ اینڈروئڈ فون کے حامل افراد ایسا نہیں سوچتے تھے۔ اسی طرح آئی فون رکھنے والے ان فونز میں دلچسپی نہیں رکھتے جو ہر ایک کے پاس موجود ہوتے ہیں۔
آئی فون رکھنے والے افراد میں اینڈروئڈ فون والے لوگوں کے مقابلے میں ایمانداری کی سطح کم تھی، عاجزی بھی کم لیکن جذباتی سطح بہت بلند تھی۔ آئی فون رکھنے والے افراد دوسروں کے مقابلے میں اپنا اظہار ذیادہ سے ذیادہ کرنے والے تھے۔ اینڈروئڈ فون رکھنے والے افراد قدرے ایماندار ظاہر ہوئے اور کئی باتوں پر اتفاق کرنے والے تھے جبکہ وہ مفاد کے لیے اپنے اصول نہیں توڑتے۔
یہ تحقیق ایک جرنل سائبرسائیکولوجی، بہیویئر اور سوشل نیٹ ورکنگ میں شائع ہوئی ہے جس میں پہلی بار اسمارٹ فون کے انتخاب اور شخصیت کے بارے میں انکشاف کیا گیا ہے۔
سروے پر کام کرنے والے ایک مرکزی سائنسدان ہیدر شا کے مطابق’ یہ بات سامنے آتی رہی ہے کہ ہمارا فون دراصل ہمارا ڈجیٹل اور چھوٹا نمائیندہ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اپنا فون کسی کو نہیں دیتے اور کسی کو دیر تک دوسرے کے پاس نہیں رہنے دیتے۔‘
اس وقت آئی فون اور اینڈروئڈ دونوں ہی بازار میں فروخت ہورہے ہیں لیکن اس تحقیق میں یہ بات نظر انداز کی گئی ہے کہ آئی فون قدرے مہنگے ہوتے ہیں اور اینڈروئڈ فون اکثر افراد کی پہنچ میں ہیں اور یہ بات ازخود سامنے آجاتی ہے کہ آئی فون رکھنے والے اپنے قیمتی فون کے ساتھ اپنا کوئی نہ کوئی سماجی رتبہ بھی رکھتے ہوں گے۔ یہ تحقیق صرف برطانیہ میں کی گئی ہے اور اس میں صرف 500 افراد ہی شامل کئے گئے ہیں۔ تاہم یہ بات دلچسپ ہوسکتی ہے کہ شاید آئی فون رکھنے والے دکھاوے اور اظہار میں آگے ہوسکتے ہیں۔
اْئی فون کا پہلا ماڈل 2007 میں سامنے آیا اور 2011 سے 2013 کے درمیان اس کی عالمی فروخت دوگنا ہوگئی صرف امریکہ میں ہی آج 64 فیصد افراد آئی فون رکھتے ہیں لیکن غریب اور پسماندہ ممالک میں اس کا الٹ بھی ہوسکتا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment