Friday, 29 November 2024


وزیراعلیٰ سندھ کی سکھر آمد انتظامیہ متحرک


ایمز ٹی وی(سکھر) سکھر میں شہریوں کی قسمت جاگے نہ جاگے مگر سڑکوں کی قسمت ضرور جاگ گئی ہے جن کے ’ماتھے‘ سے عرصے بعد مٹی کی دبیز تہہ ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جن سڑکوں پر دھول کے ڈیرے رہتے ہیں آج انہیں صاف ہوتا دیکھ کر شہری بھی حیران و پریشان ہیں۔


وزیراعلیٰ سندھ کی سکھر آمد کے باعث انتظامیہ متحرک ہو گئی ہیں اور سڑکوں کی صفائی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی آمد سے قبل یہ کام مکمل کرنے کیلئے انتظامیہ کی پھرتیاں ایسی ہیں کہ عملے کو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ ان کی مدد سے سڑکوں کو دھویا جا سکے۔


محکمہ نساسک کو کچرہ اٹھانے والی گاڑیاں بھی دیدی گئی ہیں۔ شہری بھی حیران و پریشان ہیں کہ آخر آج سڑکوں کی صفائی کا عمل کیوں کر شروع کر دیا گیا ہے لیکن جلد ہی ان کی پریشانی بھی دور ہو جائے گی جب وہ شہر کی کسی سڑک کے اشارے پر کھڑے ہوں گے اور راستہ نہ ملنے پر پوچھنے سے پتہ چلے گا کہ وزیراعلیٰ سندھ شہر کے دورے پر ہیں۔


ذرائع کے مطابق شہر میں اگر کہیں آگ لگنے کا واقعہ پیش آ گیا تو فائر بریگیڈ کا عملہ وہاں پہنچ کر امدادی کاموں اور کسی کی جان نہیں بچا سکے گا کیونکہ بیشتر گاڑیاں تو سڑکیں دھونے پر لگا دی گئی ہیں۔ باشعور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ جس وزیراعلیٰ کیلئے سڑکیں صاف کرنے کیلئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دھوئی جا رہی ہیں انہیں اس کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرنی چاہئے

Share this article

Leave a comment